• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فواد چوہدری کی گرفتاری، بغاوت کا الزام غیر منصفانہ ہے، سپریم کورٹ بار

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے تحریک انصاف کے رہنما، فواد چوہدری کی گرفتاری اور بغاوت کے الزام کو غیر منصفانہ قرار دیدیا ہے

زیرحراست فوادچوہدری پر تشدد کابھی خدشہ ، ہر شہری آرٹیکل 4کے تحت منصفانہ ٹرائل، باوقار سلوک کا مستحق ہے ، بارکے سیکرٹری مقتدر اختر شبیر کے دستخط سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن پہلے ہی فواد چوہدری کی غیر قانونی گرفتاری کی مذمت اور انکی فوری رہائی کا مطالبہ کر چکی ہے

 دفعہ 124A، پی پی سی 1860 کے تحت فواد چوہدری پر نام نہاد بغاوت کا الزام لگانا غیر منصفانہ اور بلاجواز ہے ہمارا موقف ہے ہر شہری کا بنیادی حق ہے کہ اس کیساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے ، ہر شہری آرٹیکل 4 کے تحت منصفانہ ٹرائل کے ساتھ ساتھ باوقار سلوک کا بھی مستحق ہے

 فواد چوہدری کا چہرہ کپڑے سے ڈھانپ دیا گیا انکے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں لگائی گئیں، ایسا طرز عمل آئین کے آرٹیکل 10-A ، آرٹیکل 14 اور آرٹیکل 4 کے تحت دیئے گئے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی سے کم نہیں ،انکی گرفتاری اور عدالتوں میں پیش کرنے کے طریقہ کار سے اندیشہ ہے کہ انکے ذاتی وقار کو مزید مجروح کیا جا سکتا ہے، خدشہ ہے فواد چوہدری کو حراست میں تشدد کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے

 حکومت سپریم کورٹ کے وکیل اور بار ایسوسی ایشن کے ممبر کے وقار کی بے عزتی اور تذلیل کرنے کے اس عمل سے چشم پوشی نہ کرے ایسے کسی بھی غیر قانونی عمل کا پوری قانونی برادری کی طرف سے سختی سے جواب دیا جائیگا ،حکومت کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ اس طرح کے ظلم و ستم میں ملوث ہونے سے گریز کرے۔

اہم خبریں سے مزید