• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امسال بحریہ ٹاؤن میں لاکھوں پھلدار درخت لگائے جائینگے

اسلام آباد (تجزیاتی رپورٹ:حنیف خالد) چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض حسین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر علی احمد ریاض ملک نے اپنے ویژن سے بحریہ ٹائون کراچی کے ماضی کے خشک اور بنجر ایریاز کو سرسبزو شاداب بنانے کیلئے مارچ 2022ء میں ساڑھے 4سو ایکڑ سے زائد رقبضے پر کم و بیش 3لاکھ درخواست لگوائے‘ اُن علاقوں میں یہ درخت پروان چڑھ گئے ہیں اور اب وہ پھلدار درخت بن چکے ہیں۔ کم و بیش پانچ سو ایکڑ رقبے پر کیلا‘ فالسہ‘ امرود‘ پپیتا‘ آم‘ بیر‘ انجیر‘ چیکو اور جامن کے درختوں پر پھل آنے شروع ہو گئے ہیں۔ تمام درخت بہت اچھی حالت میں ہیں اور تقریباً سب ہی پھل دے رہے ہیں۔ پھلوں کے درخت ایک صحتمند ماحولیاتی نظام کو بہتر بنا رہے ہیں‘ اس طرح شہری جنگلات میں نیم‘ برگد‘ الستونیا‘ کیکر‘ گل نشتر‘ سنبل‘ پیپل‘ ارجن‘ کٹاپا‘ مورنگا‘ جنتر‘ جنگل جلیبی‘ کیسیا‘ پلکن کے درختوں کے ساتھ اور بھی درخت شامل ہیں۔ چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض حسین نے بحریہ ٹائون راولپنڈی اسلام آباد‘ لاہور‘ کراچی اور بحریہ ٹائون ٹو کراچی میں مزید لاکھوں درخت لگانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ یہ درخت لگانے کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں جو ملک کے پانچوں بحریہ ٹائونز کو پھلدار درختوں میں تبدیل کریں گی۔ دنیا بھر سے اس علاقے کی زمین کی کوالٹی اور موسم کے مطابق درخت امپورٹ کرنے کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ 2023ء میں بھی دو سو سے زائد مختلف اقسام کے لاکھوں پھلدار پودے لگائے جائینگے۔ یہ عمل سال کے آخر تک جاری رہے گا۔ اسکے علاوہ پرندوں کیلئے دوستانہ اور پھل دینے والے درخت لگائے گئے ہیں جو پرندوں کی قدرتی رہائش کو بہتر بنانے اور اُن شہری جنگلات کیلئے ماحولیاتی نظام کو مزید پرکشش بنانے میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔ بحریہ ٹائون کے ہارٹی کلچر ڈیپارٹمنٹ اور دوسرے شعبوں کو اس حوالے سے سرگرم کر دیا گیا ہے۔ تمام اقدامات سے کراچی‘ لاہور‘ راولپنڈی اسلام آباد کے بحریہ ٹائونز میں ملکی وسائل کی حفاظت کی ذمہ داری بحریہ ٹائون نے اپنے کندھوں پر لی ہے۔ بحریہ ٹائون کراچی نے نہ صرف ملکی وسائل کے بڑھتے ہوئے بحران کو سمجھا بلکہ پوری سنجیدگی کے ساتھ یہ اہم قدم اٹھایا اور تمام ملکی صنعتوں اور گھریلو صارفین کو بھی اس طرز پر شجر کاری کرنے کی تجویز دی ہے‘ اس کیلئے بحریہ ٹائون اسلام آباد‘ راولپنڈی‘ لاہور‘ کراچی میں اپنی نرسریوں سے دلچسپی رکھنے والے شہریوں کو مفت پودے مہیا کرے گا۔