لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی کی اتحادی حکومت نے معیشت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیا، کم از کم وزیرخزانہ کی بات کا تو یہی مطلب نکلتا ہے کہ ڈرائیور گاڑی موٹروے پر ڈال کر خود نیچے اتر جائے۔ قوم کو بتا دیا تھا کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی کی حکومت پی ٹی آئی کی پالیسیوں کاتسلسل ہے، تینوں آئی ایم ایف، ورلڈ بنک اور امریکی غلامی پر متفق ہے۔ حکمران جماعتیں نااہل ثابت اور بری طرح ایکسپوز ہو گئیںجب بھی کوئی مصیبت پڑی یہ یورپ اور امریکا میں ملتے ہیں، ایک شہزادی لندن سے آکر کہتی ہے میرا بھرپور استقبال کیا جائے۔ انھوں نے سیلاب متاثرین کو بھی تنہا چھوڑا۔ ملک کا سارا نظام سود، قرضوں اور امداد پر چل رہا ہے۔ قوم کے 35برس جرنیلوں نے باقی عرصہ ن لیگ، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی نے ضائع کیا، بار بار باریاں لینے والے ایک بار پھر باری مانگ رہے ہیں۔ قوم کی تقدیر اس کے اپنے ہاتھ میں ہے، آزمائے ہوئے لٹیروں اور ظالموں کو مزید موقع دینا آئندہ نسلوں کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ عدالتیں لٹیروں اور ظالموں کا احتساب نہیں کر سکیں، اب عوام ووٹ کی طاقت سے ان کا احتساب کرے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے بہاولپور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے اس موقع پر خصوصی طور پر ”گوادر کو حق دو تحریک“کا تذکرہ کیا اور تحریک کے روح رواں مولانا ہدایت الرحمن اور دیگر افرادکی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر گوادر اہم ہے تو وہاں کے رہائشی سب سے زیادہ اہم ہیں۔