کراچی (عبدالماجدبھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کا کنٹریکٹ ختم ہونے کے بعد پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی جنوبی افریقا کے مکی آرتھر سے براہ راست معاہدے کی تفصیلات کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق انہیں ’’ورک فرام انگلینڈ ‘‘ کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔اگلے ایک سے ڈیڑھ ہفتے میں معاہدہ طے پاجائے گا۔
گراؤنڈ میں بحیثیت ہیڈ کوچ ان کاپہلا اسائمنٹ اکتوبر میں ورلڈ کپ ہوگا ۔
اس سے قبل وہ ورچوئل طور پر ذمے داریاں نبھائیں گے۔ پی سی بی نے مکی آرتھر کے سامنے فیوچر ٹور پروگرام رکھا ہے اسے دیکھ کر وہ اپنی کاؤنٹی کے ساتھ مصروفیات کو دیکھ کر بتائیں گے کہ کن کن ٹورنامنٹس اور سیریز میں پاکستان ٹیم کے ساتھ ہوں گے اور کہاں ان کی جگہ ٹیم کے ساتھ ان کے اسسٹنٹ ہوں گے۔
مکی آرتھر اپریل میں نیوزی لینڈ کی پانچ ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز اور ایشیا کپ میں ٹیم کے ساتھ نہیں ہوں گے۔ البتہ انہوں نے پی سی بی سے وعدہ کیا ہے کہ بھارت میں ورلڈ کپ اور دسمبر جنوری میں تین ٹیسٹ کی سیریز کیلئے آسٹریلیا جائیں گے۔
ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ معاہدے کا سب سے اہم پہلو یہ ہوگا کہ مکی آرتھر سال میں کن کن ٹورنامنٹس یا سیریز کے دوران پاکستان ٹیم کے ساتھ سفر کریں گے۔ معاہدے کے دوران وہ انگلش کاؤنٹی ڈاربی شائر کے لئے فل ٹائم کوچنگ کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسسٹنٹ کوچ بھی غیر ملکی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ، دو پاکستانی کوچز بطور معاون کام کریں گے اور غیر ملکیوں کے ساتھ پاکستانی کوچز کو گروم کیا جائے گا۔
اپریل میں نیوزی لینڈ کی سیریز میں مکی آرتھر کے اسسٹنٹ کوچنگ کریں گے مکی اس دوران ویڈیو لنک اور فون پران سے رابطے میں ہوں گے۔ اپریل میں انگلش سیزن شروع ہوجائے گا ۔
جولائی میں سری لنکا کی دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز ، پاکستان افغانستان کی تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں بھی مکی آرتھر دستیاب نہیں ہوں گے۔
آئندہ سال فروری مارچ میں مکی آرتھر نے پاکستان ٹیم کے ساتھ ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے جہاں دو ٹیسٹ ہوں گے۔ اگلے سال مئی میں پاکستان ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کے لئے آئر لینڈ اور پانچ ٹی ٹوئنٹی کیلئےانگلینڈ جائے گی۔ آئر لینڈ اور انگلینڈ کے میچ انگلش سیزن کے دوران ہوں گے۔ اس مکی آرتھر ڈاربی شائر کے ساتھ مصروف ہوں گے۔
جون2024میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہوں گا۔ اس ٹورنامنٹ میں بھی پاکستانی ہیڈ کوچ بنچ پر موجود نہیں ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر کو اپنا کوچنگ اسٹاف بھی ساتھ لانے کا کہا گیا ہے۔
بولنگ اور بیٹنگ کوچ بھی مکی آرتھر کی مرضی سے لگایا جائے گا۔ مکی آرتھر کے سابق ریکارڈ اور پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ان کے تعلقات کی وجہ سے پی سی بی انہیں اہمیت دے رہا ہے۔