کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے نئی ٹیم منجمنٹ کا باقاعدہ اعلان کردیاہے ۔ اولمپئن خواجہ جنید ہیڈ کوچ ، سابق انٹرنیشنل اظفر یعقوب اسسٹنٹ کوچ ، سلطان اشرف ویڈیو انالسٹ اور فرخ عتیق خان ٹیم منیجر ہونگے۔ فیڈریشن کے ایڈہاک صدر محی الدین وانی نے اسلام آباد میں ہاکی ٹیم اور ٹیم انتظامیہ سے ملاقات کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی میں کھویا مقام واپس لانے کیلئے ہر ممکن سہولیات دینگے، کھلاڑی صرف کھیل پر توجہ دیں۔ پی ایچ ایف باقی تمام امور کی ذمہ داری اٹھائے گی۔ بعدازاں ٹیم مینجمنٹ اور کھلاڑیوں کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر پی ایچ ایف کے سیکرٹری جنرل بریگیڈیئر ر اکمل عزیز، شکیل شاہ، منیجمنٹ کمیٹی کے مشترکہ چیئرمین اصلاح الدین صدیقی ، حسن سردار ودیگر موجود تھے۔ ٹیم ورلڈکپ کوالیفائرز کیلئے کل اسلام آباد سے مصر کیلئے روانہ ہوگی ۔