• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منزل سیمی فائنل، پاکستان اسپن طاقت سے انگلش رکاوٹ ہٹانے کو تیار، آج پالے کیلے میں اہم مقابلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان کا دوسرا میچ منگل کو انگلینڈ کے خلاف پالے کیلے میں کھیلا جائے گا۔ نیوزی لینڈ سے میچ بارش کی نذر ہونے کے سبب پاکستان کو ایک پوائنٹ ملا جبکہ انگلینڈ نے میزبان سری لنکا کو اسی گراؤنڈ میں51 رنز سے شکست دی تھی ۔ انگلینڈ سری لنکا میچ میں اسپنرز کا کردار اہم تھا۔ گرین شرٹس کی منزل سیمی فائنل ہے، اس راہ میں انگلش ٹیم کی صورت میں موجودہ رکاوٹ اسپن طاقت سے ہٹانے کی کوشش ہوگی۔ دونوں ٹیموں میں اب تک 31 ٹی 20 میچ کھیلے گئے ہیں، انگلینڈ نے 21 میچ جیت رکھے ہیں۔ آخری 15 میچوں میں پاکستان نے 10 ہارے ہیں۔ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم انگلینڈ کو نہیں ہرا سکی ہے۔ 2022 کے ورلڈ کپ فائنل بھی انگلینڈ پانچ وکٹ سے جیت لیا تھا۔ گرین شرٹس اگر میچ جیتتے ہیں تو سیمی فائنل کا راستہ آسان ہو جائے گا ، انگلینڈ کی فتح کی صورت میں وہ سیمی فائنل میں پہنچے گا جب کہ پاکستان کا فائنل فور میں پہنچنا اگر مگر کا شکار ہو جائے گا۔ منگل کو پالے کیلے میں سورج نکلے رہنے اور بارش نہ ہونے کی پیشگوئی ہے ۔ میچ جس پچ پرکھیلا جانا ہے، وہ فلیٹ اور بیٹرز کو مدد کرے گی۔ پیر کو پاکستان کے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کافی کھلاڑی یہاں کھیل چکے ہیں لیکن میں کینڈی میں پہلی بار کھیل رہا ہوں۔ مجھے اپنی بیٹنگ کا علم ہے، جانتا ہوں کہاں چارج کرنا ہے اور کہاں رک کر کھیلنا ہے۔ بارش ہمارے ہاتھ میں نہیں ، پراعتماد ہیں، مورال اچھا ہے، ہمارے پاس بہترین اسپنرز ہیں ، انگلینڈ کو ٹف ٹائم دیں گے ۔ کپتان اور کوچ کا فیصلہ ہے کہ بولنگ کرنا ہے یا بیٹنگ ، ہمارا کام کھیلنا ہے، بیٹنگ میں ناکام ہو رہے ہیں، ہمیں اس بارے سوچنا ہے ، بولنگ ہماری اچھی ہو رہی ہے، یہاں بیٹ پر بال آتا ہے، لیکن گزشتہ روز میچ تھوڑا مختلف ہوا تھا۔ کوشش ہو گی کہ پاکستان کیلئے زیادہ رنز کروں۔ عثمان طارق کو ہم نے مشکل صورتحال کیلئے رکھا ہوا ہے۔

اسپورٹس سے مزید