لندن (راجہ فیض سلطان) المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کو مسجد اقصیٰ بیت المقدس میں قرآن سرکل کے قیام کا اعزاز ملنے پر اظہار تشکر کیلئے الفورڈ کمیونٹی سنٹر میں تقریب منعقد کی گئی جس میں کمیونٹی شخصیات نے شرکت کی ۔ مقررین نے قبلہ اوّل مسجد اقصیٰ میں قرآن پڑھنے اور پڑھانے کیلئے’’ المصطفیٰ وقفیہ ‘‘ کے قیام پر المصطفیٰ ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد اور المصطفیٰ کی ٹیم کو مبارکباد دی ۔عبدالرزاق ساجد ،محمد علی ،صدف جاوید ، الفورڈ اسلامک سنٹر کے خطیب علامہ حافظ جمشید سعیدی ، مولانا فضل محمد ، احمد نواز نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید کتاب ہدایت اور صحیفہ نور ہے ،دنیا میں پھیلی ہوئی بے چینی کو قرآن کا نور ہی ختم کر سکتا ہے، قرآن اور صاحب قرآن سے وابستگی ہی فلاح و نجات کا راستہ ہے ، انبیا کی سرزمین فلسطین میں المصطفیٰ کے کئی فلاحی منصوبے کامیابی کے ساتھ چل رہے ہیں ، مسجد اقصیٰ جیسے فضیلتوں والے مقدس ترین مقام پر المصطفیٰ کا قرآنک منصوبہ شروع ہونے پر اپنے رب کے حضور سجدہ شکر ادا کرتے ہیں ۔ ڈونرز خوش بخت ہیں جن کے تعاون سے مسجد اقصیٰ میں قرآن سرکل قائم ہوا ۔ مسجد اقصیٰ میں قرآن پڑھنے اور سمجھنے کیلئے قرآن کلاسز کے منصوبے میں المصطفیٰ کی شرکت اہم سنگ میل ہے ، ہم اس برکتوں بھرے ایمان افروز منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہیں، قرآنی فکر کو اپنانا اور پھیلانا وقت کی اہم ضرورت ہے ، المصطفیٰ کا عالمگیر فلاحی مشن خدمت انسانیت کا سفر ہے ، مسجد اقصی میں قرآن سرکل کا قیام المصطفیٰ کیلئے بڑا اعزاز ہے ۔ فروغ فکر قرآن سے ہی بدامنی اور انتہا پسندی کو ختم کیا جا سکتا ہے، قرآن پڑھنے اور سیکھنے کے عمل میں معاونت کرنا خوش نصیبی ہے ، مسجد اقصی دنیا بھر کے مسلمانوں کی عقیدتوں کا مرکز ہے ، ایسی بابرکت جگہ پر قرآن کی روشنی پھیلانے کیلئے المصطفیٰ کی کوششیں لائق تحسین ہیں، خدمت انسانیت کا مشن نیکی ، بھلائی اور خیر کا مشن ہے ، مسجد اقصیٰ میں قرآن کلاسز کے مستقل منصوبے میں معاونت کرنے والے خوش نصیب ہیں،مقررین نے کہا المصطفیٰ کی طرف سے مسجد اقصیٰ میں قرآن کلاسز میں شرکت کرنے والوں کو وظائف دیئے جائیں گے اور قرآن پڑھانے والے اساتذہ اور سکالرز کو تنخواہیں دی جائیں گی ۔اس موقع پردنیا بھر میں جاری المصطفیٰ کے فلاحی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی ۔ تقریب کے آخر میں مسجد اقصیٰ سے براہ راست بذریعہ زوم مسجد اقصیٰ کے امام و خطیب شیخ عمر فہمی الکسوانی نے دعائے خیر کی اور مسجد اقصی میں ’’ المصطفیٰ وقفیہ " کے قیام پر خوشی کا اظہار کیا۔