سرینگر (اے پی پی)بھارت میں کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے لداخ میں تقریبا 2000مربع کلومیٹر کے علاقے پر چین کے قبضے پر مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کے رویے کو انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔ بہت سے پٹرولنگ پوائنٹس بھی چینیوں کے قبضے میں ہیں، سابق فوجیوں نے تصدیق کر دی، کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہول گاندھی نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں بار بار کہتاہوں کہ ہماری سرزمین پرچینیوں کے قبضے سے انکار کابھارتی حکومت کا طرز عمل انتہائی خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے انہیں مزید جارحانہ کام کرنے کا حوصلہ ملتاہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کے طرز عمل سے ملک میں یہ تاثر پایاجاتا ہے کہ چینیوں نے بھارت سے کوئی زمین نہیں چھینی ہے۔انہوں نے کہاکہ میں نے حال ہی میں کچھ سابق فوجیوں سے ملاقات کی اور یہاں تک کہ لداخ کے ایک وفد نے بھی واضح طور پر کہا کہ 2000 مربع کلومیٹر کا بھارتی علاقہ چینیوں نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے پٹرولنگ پوائنٹس جو بھارتی علاقے میں تھے، اب چینیوں کے قبضے میں ہیں۔