• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں افراتفری پھیلانیوالوں کے عزائم کامیاب نہیں ہوں گے، خلیل جارج

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پارلیمانی سیکرٹری خلیل جارج، وزیراعلیٰ بلوچستان کی کوآرڈینیٹر شانیہ خان اور بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ، ملک میں عدم استحکام اور افراتفری پھیلانے والوں کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ،پاکستانی قوم افواج پاکستان اور سیکورٹی اداروں کے شانہ بشانہ دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں اور ہمیشہ متحد رہیں گے ۔یہ بات انہوں نے جمعرات کی شب پشاور کی مسجد میں ہونے والی دہشت گردی میں شہید ہونے والوں کی یاد میں شمعیں روشن کرنے کے موقع پر کہی۔انہوں نے کہا کہ شہداء کو ان کی لازوال قربانی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پشاور میں مسجد میں دہشت گردوں نے ملک کا امن برباد کرنے کی کوشش کی ہے دہشت گردوں نے عبادت کےلیے وہاں موجود نمازیوں کو خودکش حملے کرکے شہید کیا یہ ایک افسوس ناک سانحہ ہے ،بلوچستان حکومت اس فعل کی بھرپور مذمت کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں سے ملک میں امن قائم ہوچکا اب ایک بار پھر دہشت گردوں نے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لئے خودکش حملہ کیا دہشت گردوں نے مسجد ، چرچ اور مندر تک کو نہیں چھوڑا ، امام بارگاہوں کو نشانہ بنایا لیکن دہشت گرد اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں ملک میں سیاسی عدم استحکام ختم کرکے امن کی فضاء کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ 
کوئٹہ سے مزید