• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اعلیٰ سرکاری افسر کی بیٹی کی کراچی چڑیا گھر کے مغل گارڈن میں سالگرہ تقریب

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ بیوروکریسی نے عدالتی احکامات ہوا میں اڑا دیئے سندھ حکومت کے اعلی سرکاری افسر کی بیٹی کی کراچی چڑیا گھر کے مغل گارڈن میں سالگرہ کی تقریب، اعلی سرکاری افسر کی تقریب کے لئے چڑیا گھر میں سخت سیکورٹی تعینات کی گئی جبکہ عوام کا مغل گارڈن اور اطراف میں داخلہ بھی بند کردیا گیا کے ایم سی کے اعلیٰ حکام نے غلطی تسلیم کر لی، کسی بھی پبلک پارک میں نجی تقریب پر سپریم کورٹ نے پابندی عائد کر رکھی ہے،شہریوں نے مغل گارڈن میں نجی تقریب کرنے اور عام لوگوں کے داخلے پر پابندی عائد کرنے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے،تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز سندھ بیوروکریسی کے اعلی عہدے پر فائز ایڈیشنل چیف سیکرٹری سندھ لوکل گورنمنٹ نجم شاہ کی بیٹی کی سالگرہ کراچی چڑیا گھر کے مغل گارڈن میں دھوم دھام سے منائی گئی، اعلی سرکاری افسر کی بیٹی کی سالگرہ کے لئے کراچی چڑیا گھر کے مغل گارڈن کو بینکوئٹ بنایا گیا جبکہ سیرو تفریح کے لئے چڑیا گھر آنے والے شہریوں کو مغل گارڈن سے دور رکھنے کے لئے چڑیا گھر میں بھاری سیکورٹی تعینات کی گئی تاکہ کوئی بھی عام شہری مغل گارڈن کے قر یب نہ جاسکے، اس موقع پر نجم شاہ خود بھی موجود تھے،تقریب کا اہتمام کراچی چڑیا گھر انتظامیہ کی جانب سے کیا گیا تھا، چڑیا گھر کی انتظامیہ نے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ناصرف مغل گارڈن میں نجی تقریب کا اہتمام کیا بلکہ عام شہریوں کو مغل گارڈن اور اطراف میں سیر و تفریح سے روک کر شہریوں کے بنیادی حقوق بھی سلب کئے جس پر سیر کے لئے آئے شہریوں کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا شہریوں کا کہنا تھا کہ انہیں چڑیا گھر کی انتظامیہ اور سیکورٹی اہلکار آزادانہ سیر و تفریح کی اجازت نہیں دے رہے اور نہ ہی مغل گارڈن دیکھنے کی اجازت دی جارہی ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ چڑیا گھر میں شہریوں سے زیادہ سیکورٹی اہلکار کھڑے کردیئے گئے جن کی وجہ سے خواتین اور بچے خوف زدہ ہو رہے ہیں شہریوں کا کہنا تھا کہ چڑیا گھر شہریوں کی سیر وتفریح کے لئے ہے تقریبات منعقد کرنے کے لئے نہیں شہریوں نے چیف جسٹس پاکستان ،چیف جسٹس سندھ سے چڑیا گھر میں سالگرہ کی تقر یب منعقد کرنے اور شہریوں کو سیر و تفریح کے حق سے روکنے کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے،واضح رہے کہ کسی بھی پبلک پارک میں نجی تقریب پر سپریم کورٹ نے پابندی عائد کر رکھی ہے۔

اہم خبریں سے مزید