• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیریوں کی آزادی کیلئے پاکستان کو معاشی طاقت بنانا ہوگا، IMF ایک ایک دھیلے کی سبسڈی دیکھ رہا ہے، وزیراعظم

اسلام آباد (نمائندہ جنگ، نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ کشمیریوں کو آزاد دلانے کیلئے پاکستان کو معاشی طاقت بنانا ہوگا، اکٹھےچلنے سے ہی مسائل حل ہونگے،معاشی و سیاسی استحکام وقت کی اہم ضرورت ہے ،ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد لاناچاہیے،کشمیر پالیسی میں مزید جدت اور قوت پیدا کرنا ہو گی، بھارت پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، ہم کچلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، کشمیریوں کی جدوجہد جلد رنگ لائےگی، پاکستان نے کبھی بھی کشمیریوں کو نہیں بھلایا،اپنی سیاسی وابستگیوں سے قطع نظر تمام جماعتوں کے قائدین کا کشمیر کاز کیلئے اکٹھے ہونا خوش آئند ہے،اکٹھے چلنے سے ہی مسائل حل ہونگے، ملک کو بہت معاشی چیلنجز درپیش ہیں، اسلام آباد میں موجود آئی ایم ایف کا وفد خزانہ اور تجارت کی وزارتوں کی ایک ایک کتاب کو دیکھ رہا ہے، ایک ایک دھلے کی سبسڈی کو دیکھ رہا ہے، مشکل صورتحال سے سب کو مل کر نمٹنا ہوگا، ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد لانا چاہیے، 75 سال سے قرض لینے کا سلسلہ جاری ہے، کہیں تو ہمیں اس کو روکنا ہے، اگر قوم فیصلہ کرلے، اگر ہمارے قول و فعل میں تضاد 90 فیصد بھی ختم ہوجائے تو یہ کشتی ضرور کنارے لگ جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب اور آزاد کشمیر کی سیاسی شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اتوار کو آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد گئے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کو آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی پہنچنے پر پولیس کے ایک چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس اور قائمقام صدر سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری انوار الحق نے ان کا استقبال کیا۔وزیر اعظم نے یومِ یکجہتی کشمیر اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ گزارا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مظفرآباد میں کشمیرِ مانومنٹ پر پھولوں کی چادر پیش کرکےکشمیری شہداءکو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ دورے کے دوران وزیرِ اعظم کل جماعتی حریت کانفرنس کے قائدین اور آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت سے ملاقات کی ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے معاشرے میں تقسیم درتقسیم پیدا ہوچکی ہے، معاشرے میں تقسیم درتقسیم افسوسناک ہے، جب کسی قوم میں اتفاق و اتحاد پیدا ہوتا تو وہ اپنے اہداف آسانی سے حاصل کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اس ایوان میں تمام جماعتوں کے اکابرین موجود ہیں اور یہ ہے وہ اتحاد و یگانگت جس سے بھارت کے در و دیوار، اس کی حکومت اور اغیار ضرور پریشان ہوں گے۔

اہم خبریں سے مزید