• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے چین کا دورہ منسوخ کردیا

واشنگٹن(نیوزڈیسک)امریکہ میں مبینہ چینی جاسوس غبارہ پکڑے جانے کے بعد وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنا دورہ چین منسوخ کردیا ہے۔امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے امریکہ میں پکڑے گئے مبینہ چینی جاسوس غبارے کو امریکی خودمختاری کی واضح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے چین کے دورے کو منسوخ کردیا ہے۔خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق محکمہ خارجہ کے ایک سینیر اہلکار نے صحافیوں کو بتایا کہ ہمارے انٹر ایجنسی پارٹنرز کیساتھ ساتھ کانگریس سےمشاورت کے بعد ہم نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ سیکریٹری انٹونی بلنکن کے چین کا سفر کرنے کیلئے اس وقت حالات موزوں نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے عوامی جمہوریہ چین کے اس معاملے پر اظہار افسوس پر مبنی بیان کو دیکھا ہے لیکن ہماری فضائی حدود میں ان کے غبارے کی موجودگی ہماری خودمختاری کیساتھ بین الاقوامی قانون کی بھی واضح خلاف ورزی ہے اور ایسا ہونا ناقابل قبول ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیکریٹری نے آج صبح کے اوائل میں مرکزی دفتر خارجہ کے کے ڈائریکٹر وانگ یی کو بتایا کہ اس سفر کو ملتوی کرنے کی ضرورت ہے لیکن سیکریٹری نے اس بات کا بھی عندیا دیا کہ جیسے ہی حالات نے اجازت دی تو وہ پہلی فرصت میں عوامی جمہوریہ چین کا دورہ کریں گے۔ایک عہدیدار نے صحافیوں کو بتایا کہ امریکہ نے غبارے کو امریکی فضائی حدود میں داخل ہونے پر اپنی تحویل میں لیا اور اسے امریکی فوجی طیارے کے ذریعے دیکھا گیا۔اس کے علاوہ کینیڈا کی وزارت دفاع نے کہا کہ ایک ’بلندی سے نگرانی‘ کرنے والا غبارہ دیکھا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ وہ امریکہ کیساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ادھر ایک بیان میں چین کی وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ غبارہ شہری موسمیات اور دیگر سائنسی مقاصد کے لیے تھا اور اسے افسوس ہے کہ غلطی سے بھٹک کر امریکی فضائی حدود میں پہنچ گیا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں امریکی صدر جو بائیڈن اور چینی صدر شی جن پنگ نے بلنکن کے دورہ چین پر اتفاق کیا تھا اور ان کے دورے کا التوا دونوں ملکوں کے ان لوگوں کے لیے ایک دھچکا ہے جو اس دورے کو دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری اور تناؤ میں کمی کے موقع کے طور پر دیکھ رہے تھے۔
یورپ سے سے مزید