• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غریب کے پاس کھانے کو نہیں جیل بھرو تحریک میں کیوں جائیگا، فیصل واوڈا

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”آپس کی بات“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ غریبوں کے پاس کھانے کو نہیں ہے وہ جیل بھرو تحریک میں کیوں جائے گا، اتنی مقبولیت ہونے کے باوجود عمران خان نے اسمبلیاں توڑ کر اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارلی ہے ،ن لیگ کے رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وفاقی حکومت یا ن لیگ نہ الیکشن روک سکتی ہے نہ زبردستی الیکشن کرواسکتی ہے،

سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ اس وقت وہ صورتحال نہیں کہ عمران خان کو گرفتار کیا جائے، ذوالفقار علی بھٹو بہت مقبول تھے لیکن انہیں گرفتار کر کے پھانسی دیدی گئی، غریبوں کے پاس کھانے کو نہیں ہے وہ جیل بھرو تحریک میں کیوں جائے گا، جیل بھرنے سے پی ٹی آئی کو کیا فائدہ ہوگا، یہ کیا روایت بنادی گئی ہے جو جیل میں جائے گا بڑا لیڈر بن جائے گا، عمران خان گالم گلوچ، لڑائی، جیلوں کے علاوہ کوئی مثبت کام کریں، عمران خان گندے لوگوں کو سائڈ کر کے پارٹی کے اچھے لوگوں کو سامنے لائیں، میں ہواؤں کے خلاف عمران خان کیلئے ہی کھڑا ہوا ہوں، میں نے جو باتیں کیں وہ ٹھیک نکلیں۔ 

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی عمران خا ن کے بنا کچھ نہیں ہے، عمران خان ہی پی ٹی آئی اور پی ٹی آئی ہی عمران خان ہے، عمران خان کو بار بار کہتا ہوں ان کیلئے مصیبتیں قریبی لوگوں کی وجہ سے کھڑی ہوئیں، عمران خان ان لوگوں کے غلط مشوروں پر اپنے ہی پیروں پر کلہاڑی مارہے ہیں۔ 

عمران خان کے اسٹیبلشمنٹ کے پیغام سے متعلق سوال پر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ہر طرف دستک دی جارہی ہے، اتنی دستکیں دی جارہی ہیں کہ آپ سوچ بھی نہیں سکتے، یوں سمجھ لیں گھنٹی کی تاریں کاٹ کر ڈائریکٹ کردی گئی ہے، عمران خان ایک اچھے انسان اور لیڈر ہیں اللہ انہیں ہدایت دے، عمران خان کبھی اداروں کے خلاف نہیں تھے آج ایسے ایسے کام کروارہے ہیں یقین نہیں آتا، سانپ کے بچے پارٹی کے مخلص لوگوں کو عمران خان کے قریب نہیں آنے دیتے۔

اہم خبریں سے مزید