اسلام آباد (محمد صالح ظافر) چین نے پاکستان کی 7جڑ ی بوٹیوں کو چینی خلائی مشن پر بھیجنے اور خلا میں ان کی افزائش میں مدد فراہم کی ، خلائی تابکاری اور مائیکرو گریوٹی اور بے وزن ہونے کی حالت نے بیجوں میں جینیاتی تغیرات کو جنم دیا ،دونوں ممالک کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ تجربہ کامیاب رہا ہے۔ یہ بیچ شینزو 14اسپیس شپ کے زریعے سے 5جون 2022کو خلا میں بھیجے گئے تھے اور 6ماہ بعد خلائی عملہ انہیں لیکر واپس زمین پر آگیا۔ اس کامیاب تجربے پر چینی سفارتخانے میں ایک تقریب منعقد کی گئی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدا م پروفیسر احسن اقبال تھے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ماحولیاتی تبدیلیوں کو دیکھتے ہوئے پاکستان کیلئے بیچوں کے معاملے پر تعاون کی انتہائی ضرورت ہے ۔ چین کی ننگبو یونیورسٹی کے چیف سائنٹسٹ لیو زن منگ نے اس مشن پر روشنی ڈالی، کراچی یونیورسٹی میں انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز کے پروفیسر ڈاکٹر عطیہ الوہاب نے کہا کہ ان کے انسٹی ٹیوٹ نے ہی حکومت کو بیچ خلا میں بھیجنے کا مشورہ دیا تھا ۔