راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ سے نیشنل پریس کلب کے عہدیداران نے افضل بٹ صدر پی ایف یو جے کی قیادت میں ملاقات کی اور میڈیا ٹاؤن فیز ٹو کے ساتھ ساتھ مختلف سماجی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کرنے والوں میں صدر نیشنل پریس کلب انور رضا، جوائنٹ سیکرٹری شکیلہ جلیل، فنانس سیکرٹری نیئر علی، طارق چوہدری اور خلیل رضا جنرل سیکرٹری نیشنل پریس کلب بھی شامل تھے۔ کمشنر راولپنڈی کو میڈیا ٹاؤن کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے انور رضا نے بتایا کہ میڈیا ٹاؤن فیز ون میں سولہ سوپلاٹ دیئے گئے۔ اب میڈیا ٹاؤن فیزٹو کی منظوری ہوچکی ہے اور اس کے لئے ضلعی انتظامیہ کو جگہ کی نشاندہی کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ فیز ٹومیں صرف ان جرنلسٹ کا حصہ ہوگا جنہیں میڈیا ٹاؤن فیز ون میں پلاٹ نہیں ملا اور اس سلسلے میں میرٹ و شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ فیزٹو کے لئے6000 کنال جگہ درکار ہے۔