لاہور(نیوز ایجنسی ) وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشکل دور سے گزر رہے ہیں، مجھ سمیت پوری اشرافیہ کو قربانی و ایثار کا مظاہرہ کرنا ہوگا، میری ہمیشہ کیلئے دعا ہے کہ دشمن بھی نیب کے عقوبت خانے میں کبھی نہ جائے ، جب تک نظام تبدیل نہیں ہوگا ملک ترقی نہیں کرسکے گا۔
لاہور میں باب پاکستان کی تعمیر اور والٹن روڈ توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس کی لاٹھی اس کی بھینس کے نظام کو دفن کیے بغیر ترقی ممکن نہیں، نیب نے چن چن کر بے گناہ لوگوں پر کیسز بنائے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ باب پاکستان کا منصوبہ پوری دنیاکو قیام پاکستان کی تاریخ بتائے گا، نوازشریف نے 1991میں منصوبے کاسنگ بنیاد رکھا تھا، قائداعظم بھی باب پاکستان کے مقام پر تشریف لائے تھے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے وقت مہاجرین ہندوستان سے ہجرت کرکے اس مقام پر آئے تھے۔