• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترکیہ کیساتھ شام کو بھی امدادی سامان بھیجا جائے، وزیراعظم کی ہدایت

اسلام آباد( نیوز رپورٹر)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ زلزلہ زدگان کیلئے قائم فنڈ کو ترکیہ کیساتھ ساتھ شام میں متاثرین کی مدد کیلئے بھی استعمال کیا جائے گا، پاکستان نہ صرف ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کیلئے امدادی سامان بھیج رہا ہے بلکہ اسکی ترسیل پر آئے تمام اخراجات بھی خود اٹھائے گا۔پاکستانی سفیرترکیہ اورشام کی حکومتوں کیساتھ قریبی رابطے میں رہیں، شہباز شریف کی زیر صدارت ترکیہ اور شام میں زلزلہ زدگان کے لیے پاکستان کی طرف سے جاری امدادی کارروائیوں پر جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس کو ترکیہ میں پاکستان کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں اور ترکیہ اور شام میں بھیجے جانے والے امدادی سامان کے بارے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔وزیرِ اعظم نے این ڈ ی ایم اے کو ترکیہ اور شام کے متاثرین کی ضروریات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے امدادی سامان خریدنے،وزیرِ منصوبہ بندی کو تعلیمی اداروں سے رابطہ کرکے منظم فنڈ ریزنگ مہم چلانے اوروزراتِ مذہبی امور کو علماء کو اعتماد میں لے کر زلزلہ زدگان کی امداد کیلئے دینی اداروں میں آگاہی پھیلانے کی ہدایت کی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان کی طرف سے ترکیہ میں سردی سے بچاؤ والے خیمے، کمبل اور لحاف، گرم کپڑے بھیجے جار رہے ہیں۔ اس سامان کا خاطر خواہ حصہ فضائی راستے (ایئر برج) کے ذریعے بھیجا جا چکا ہے گزشتہ روز 21ٹرکوں کا قافلہ مزید خیمے، لحاف وکمبل اور گرم کپڑے لے کر ترکیہ اور شام روانہ ہو گیا ہے۔ پاکستان بھر میں این ڈی ایم اے کے کلیکشن پوائنٹس پر پاکستانی عوام کی طرف سے امدادی سامان پہنچنا شروع ہو گیا ہے، آئندہ چند روز میں 1600ٹن راشن بذریعہ زمینی و سمندری راستے ترکیہ اور شام بھیجا جائے گا۔ پاکستان مجموعی طور پر ترکیہ اور شام کے متاثرین کیلئے سردی سے بچاؤ کے 11ہزار سے زائد خیمے فوری طور پر بھیج رہا ہے جبکہ 14ہزار خیمے آئندہ ہفتے تک روانہ کیے جائیں گے، اس کے علاوہ 42ہزار سے زائد کمبل بھی امدادی سامان کا حصہ ہیں۔وزیرِ اعظم کو ترکیہ اور شام میں پاکستانی سفراء نے زلزلہ زدہ علاقوں کی موجودہ صورتحال اور متاثرین کی ضروریات کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے دونوں سفراء کو ترکیہ اور شام کی حکومتوں سے قریبی رابطے میں رہنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نےکہاکہ زلزلے سے متاثرہ ترک اور شامی بہن بھائیوں کی حتی المقدور مدد کرے گا۔دریں اثنا وزیراعظم سے وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو اسلام آباد کے تعلیمی اداروں سے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے عطیات کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ملاقات میں وفاقی وزارت تعلیم و فنی تربیت کے امور پر بات چیت کی گئی ۔ ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اہم خبریں سے مزید