اسلام آباد (محمد صالح ظافر)پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے انقلاب اسلامی ایران کی فتح کی44 ویں سالگرہ کی مناسبت سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں عشائیہ کا اہتمام کیا جس میں سیاسی رہنماؤں اور سفارتکاروں کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی تھے۔ اس موقع پر ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران اور پاکستان ہمسایہ اور برادر ممالک ہیں جو گہرے مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران کی سالگرہ دونوں برادر اور ہمسایہ ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی 76 ویں سالگرہ کے موقع پر منائی جا رہی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید طارق فاطمی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات مزید فروغ پارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں میں حالیہ برسوں کے دوران اقتصادی اور تجارتی تعلقات میں اضافہ ہوا ہے۔ تقریب میں انڈونیشیا، فلسطین سمیت اسلامی ملکوں کے علاوہ جنوبی کوریا اور ویت نام کے سفیروں، سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں، صحافیوں اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔