• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دبئی میں ایک ہفتہ آئی ایل ٹی ٹوئینٹی کی کوریج کا موقع ملا اور اماراتی ٹی ٹوئینٹی لیگ میں دنیا بھر کے کھلاڑی ایکشن میں رہے لیکن منتطمین کی خواہش تھی کہ اگر پاکستانی کھلاڑی ہوتے تو یہ لیگ مزید جاندار ہوتی۔ اگلے سال یہاں پاکستانی کھلاڑی ایکشن میں ہوں گے اور منتظمین کہتے ہیں کہ لیگ کو چار چاند لگ جائیں گے۔ اماراتی لیگ میں شرکت کے بعد دنیا کے زیادہ تر کھلاڑیوں کی منزل اب پاکستان ہے جہاں پاکستان سپرلیگ شروع ہوچکی ہے۔دبئی شارجہ اور ابوظبی کے گراونڈز پاکستانی کھلاڑیوں کے بغیر سونے تھے لیکن پاکستانی کھلاڑی جب اپنے میدانوں میں ایکشن میں ہوں گے تو یقینی طور پر اسٹیڈیم میں جگہ کم پڑ جائے گی۔

مسلسل آٹھویں سال پاکستان سپر لیگ کا میلہ شروع ہوچکا ہے۔ جشن بہاراں سے قبل ہر سال شائقین کرکٹ اس انٹر نیشنل لیگ کا شدت سے انتظار کرتے ہیں۔ چھ ٹیموں کے درمیان گھمسان کا رن پڑنے کا امکان ہے۔گذشتہ سات سالوں کی طرح اس سال بھی اس ٹورنامنٹ میں دنیا کےصف اول کے کھلاڑی ایکشن میں ہیں۔ ملتان میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ معرکہ شروع ہوگیا ہے آج کراچی میں دوسرا میچ کھیلا جائے گا جبکہ ملتان اور کراچی کے بعد پنڈی اور لاہور میں بقیہ میچ ہوں گے۔

پلے آف اور فائنل لاہور میں ہوں گے۔ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم نئی ٹرافی کے علاوہ بارہ کروڑ روپے کی انعامی رقم کی حقدار ہوگی جبکہ رنز اپ ٹیم کو چار کروڑ 80لاکھ روپے ملیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کی نئی اور دیدہ زیب ٹرافی متعارف کرائی ہے جس میں 24 قیراط سونے اور 9 ہزار 907 زرغون نگینوں سے جڑی نئی ٹرافی پہلے سے زیادہ دیدہ زیب تیار کی گئی ہے، ٹرافی کے 3 پلرز قومی ٹیم کے اتحاد، مضبوطی اور جذے کے عکاس ہیں جبکہ بیک سائیڈ پر بڑا پلر ٹیم کی کامیابی کیلئے سخت محنت اور لگن کو ظاہر کرتا ہے۔پی ایس ایل سیزن سیون میں استعمال کی گئی ٹرافی دوبارہ نہیں پیش کی جائے گی اور یہ دفاعی چیمپئن لاہور قلندر کے پاس ہی رہے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی منجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ تاریخی شالیمار باغ میں پی ایس ایل ٹرافی کی رونمائی کرانے کا مقصد یہی تھا کہ کچھ تو پتہ چلنا چاہیے نہ کہ تبدیلی آ گئی ہے تبدیلی میں کچھ تخلیقی چیزیں بھی ہو تی ہیں ، اس لیے شالیمار گارڈن سے بہتر اور کونسی جگہ ہو سکتی ہے ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اتنی خوبصورت جگہ ہے کہ سب کو پتہ چلنا چاہیے کہ لاہور میں بھی بڑے ستارے ہیں صرف پی ایس ایل میں ستارے نہیں ہیں۔ اس مرتبہ ہمارا نعرہ بھی یہ ہے کہ سب ستارے ہمارے ، اس کے لیے اس سے اچھی جگہ کوئی اور نہیں ہوسکتی کہ کہیں اور رونمائی کی جاتی۔ 

نجم سیٹھی نے کہا کہ یہ ٹرافی اس لحاظ سے بھی منفرد ہے کہ اسے مقامی لوگوں نے بنایا ہے اس سے پہلے بیرون ملک ٹرافی بنتی رہی ہیں پی سی بی کے اندر اس کی ڈیزائننگ کی گئی ہے اور اس کے تین ستون قوت ، اتحاد اور پاکستانی کی ترقی کی نشاندہی کرتے ہیں ٹرافی پر سب سے بڑا سپر نووا اسٹار ہے اور یہ پی ایس ایل بھی استاروں سے بھری پڑی ہے۔پاکستان سپر لیگ سے قبل پاکستانی کھلاڑیوں شاداب خان، شاہین آفریدی، حارث روف،اور شان مسعود رشتہ ازدواج سے منسلک ہوئے ہیں اور ان کی ٹیمیں پر امید ہیں کہ شادی ان کے لئے خوشیاں لائی گی اور وہ اپنی اپنی ٹیموں کے لئے بھی خوشیاں لائیں گے پاکستان سپر لیگ میں21غیر ملکی انٹر نیشنل اور 15مقامی کھلاڑی پی ایس ایل ڈیبیو کریں گے۔

لاہور قلندرز نے اگر ٹائیٹل کا کامیاب دفاع کیا تو وہ مسلسل دو ٹائیٹل جیتنے والی پہلی ٹیم بن جائے گی۔ شاہین شاہ آفریدی فٹ ہوکر اپنی ٹیم کی جانب سے ایکشن میں ہیں اور قلندرز کو ٹائیٹیل جتوانے کے لئے پرعزم ہیں۔ اسلام آباد نے یہ ٹورنامنٹ تین بار جیتا ہے۔ پاکستانی کپتان بابر اعظم پی ایس ایل میں اس بار کراچی کنگز کو چھوڑ کر پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے اس سے قبل وہ کراچی کنگز کا حصہ تھے۔ کراچی کی کپتان عماد وسیم کو ملی ہے اور شعیب ملک اور حیدر علی بھی کنگز کا حصہ ہیں۔

بابر اعظم کو اس ایونٹ کے68میچوں میں سب سے زیادہ2413 رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے لیکن وہ پی ایس ایل میں پہلی سنچری کے منتظر ہیں۔ کامران اکمل کو پہلی سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ اس سال کامران اکمل نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے اور وہ ڈگ آوٹ میں پشاور زلمی کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ ہیں۔کامران کمل،شرجیل خان اور فخر زمان کو پی ایس ایل میں دو دو سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ پشاور زلمی کے وہاب ریاض واحد بولر ہیں جو ایک سو وکٹ حاصل کرچکے ہیں۔

وہاب103حسن علی81،شاہین آفریدی70اور شاداب خان65وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ کامران اکمل کی عدم موجودگی میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان سب سے زیادہ شکار کرنے والے وکٹ کیپر بن جائیں گے۔ رضوان کو کامران کا ریکارڈ توڑنے کے لئےدو شکار کی ضرورت ہے۔ سرفراز احمد 43 کھلاڑیوں کو وکٹوں کے پیچھے شکار کرچکے ہیں۔ پی ایس ایل میں پشاور زلمی81نےٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 43میچ جیتے ہیں۔ان کی جیت کا تناسب 54 فیصد ہے۔ اسلام آباد نے77میں سے41 جبکہ کوئٹہ نے72میں سے36میچ جیتے اور35میں اسے شکست ہوئی ہے۔ تین انگلش کرکٹرز لیام ڈاوسن، جیمز وینس اور سیم بلنگز بنگلہ دیش میں قومی ڈیوٹی کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے اور پاکستان سپر لیگ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

تینوں کھلاڑی بنگلہ دیش کے خلاف وائٹ بال سیریز نہیں کھیلیں گےجینز ونس کراچی کنگز، ڈاوسن اور بلنگز لاہور قلندرز کا حصہ ہیں اس سے قبل ایلکس ہیلیز نے بھی پی ایس ایل کھیلنے کا اعلان کیا تھا۔وہ دبئی میں آئی ایل ٹی ٹونٹی کے بعد کچھ روز آرام کرکے اسلام آباد یونائٹیڈکی جانب سے شمولیت اختیار کریں گے۔ پاکستان سپر لیگ میں کئی فرنچائز اپنے اہم کھلاڑیوں کی خدمات سے محروم ہوں گی۔ انگلینڈ کےمعین علی لیگ میچز میں اسلام آباد کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

معین علی کی جگہ اسلام آباد یونائٹیڈ میں جنوبی افریقا کے ریسی ون ڈر ڈسن شامل کیا ہے معین علی نیشنل ڈیوٹی کی وجہ سے 14 مارچ تک دستیاب نہیں ہوں گے۔ کراچی کنگز کو جیمز وینس آخری تین میچز میں دستیاب نہیں ہوں گے۔ جیمز وینس کی جگہ انگلش کرکٹر ایڈم روسنگٹن کراچی کنگز کو جوائن کریں گے۔ پشاور زلمی نے مجیب الرحمن کی عدم موجودگی میں آسٹریلیا کے پیٹر ہیٹزوگلو کی خدمات حاصل کرلیں ہیں۔ مجیب الرحمن 19فروری کے بعد پشاور کا اسکواڈ جوائن کریں گے، افغانستان کے پلیئر ابتدائی دو میچز میں زلمی کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

اسپورٹس سے مزید
کھیل سے مزید