• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بحری مشقیں، مشترکہ چیلنج سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے عزم کی عکاس ہے، وزیراعظم

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بحری مشقیں مشترکہ چیلنج سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے عزم کی عکاس ہے ، تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کاوشوں سے منعقدہ مشق امن 23 کی بدولت خطے کو مزید پرامن اور محفوظ بنانے کی راہ ہموار ہوگی ، پاک بحریہ کے زیرِ اہتمام کثیر الملکی بحری مشق امن 2023 شمالی بحیرہ عرب میں انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے شاندار انعقاد کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی جس میں پاک بحریہ اور غیر ملکی بحری جہازوں پر مشتمل "امن فارمیشن" بھی تشکیل دی گئی۔اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف بطور مہمانِ خصوصی شریک تھے۔ پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس معاون آمد پر امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے مہمانِ خصوصی کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت رانا تنویر، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی فہد حسین، گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ایئر اسٹاف بھی موجود تھے۔ ان کے علاوہ مختلف ممالک کے سفراء، ہائی کمشنرز، اعلیٰ فوجی افسران اور مختلف ممالک کے دفاعی اور نیول اتاشیوں نے بھی فلیٹ ریویو کا مظاہرہ دیکھا۔مہمان خصوصی نے انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے دوران مختلف بحری آپریشنل مشقوں کا مشاہدہ کیا۔ فلیٹ ریویو میں پاک بحریہ، پاک فضائیہ اور مشق میں شریک غیر ملکی طیاروں کا شاندار فلائی پاسٹ بھی شامل تھا جس کے بعد مشق میں شامل جہازوں کی جانب سے سلامی بھی پیش کی گئی۔ امن 2023 کا اختتام حسبِ روایت حصہ لینے والے بحری جہازوں کی "امن فارمیشن" کے ساتھ ہوا جس کا مقصد مشق کے عزم "امن کے لیے متحد" کا عملی مظاہرہ کرنا تھا۔ وزیراعظم پاکستان نے امن 23 کے کامیاب انعقاد اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات کو سراہا۔وزیراعظم پاکستان نے مشترکہ بحری سکیورٹی کے عزم اور پر امن بقائے باہمی کے لئے متحد ہونے پر شرکت کرنے والی علاقائی و بین الاقوامی بحری افواج کا بھی شکریہ ادا کیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے انٹرنیشنل فلیٹ ریویو میں شرکت پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

اہم خبریں سے مزید