اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کے تبادلے کا حکم معطل کرتے ہوئے انہیں عہدے پر بحال کردیا، عدالت نے کہا کہ غلام محمود ڈوگر کا کیس 5رکنی لارجر بینچ کو بھیج رہے ہیں،بادی النظر میں انکے تبادلے کا حکم خلاف قانون تھا، عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ بار کی پنجاب میں انتخابات کیلئے حکم جاری کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے تاخیر کا معاملہ چیف جسٹس کو بھیج چکے ہیں۔ اس موقع پر جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیئے کہ زبانی درخواست پر الیکشن کمیشن تقرر و تبادلے کرتا ہے کیا پہلے اسکی مثال موجود ہے،سیکرٹری الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ 24 جنوری کو تحریری درخواست آئی۔ 6 فروری کو منظوری دی۔جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ الیکشن کمیشن آخر کر کیا رہا ہے، سپریم کورٹ نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کے تبادلے کے احکامات معطل کرتے ہوئے غلام محمود ڈوگر کی انکے عہدے پر بحالی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ عدالت عظمی میں جمعہ کو یہاں کیس کی سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔