• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور‘ پیدائشی ٹیڑھے پاؤں والے بچوں کا علاج ممکن ہوگیا

پشاور (جنگ نیوز) کلب فٹ ہوم پیراپلیجک سنٹر پشاور نے پیدائشی ٹیڑھے پاؤں والے بچوں کے علاج کا بیڑا اُٹھانے والی امریکی بین الاقوامی تنظیم میراکل فٹ ہو ایس کے تعاون سے خیبرپختونخوا میں ہزاروں غریب بچوں کا عالمی معیار کے مطابق مکمل اور مفت علاج کا پروگرام شروع کیا ہے اس مقصد کیلئے نہ صرف پشاور کے بہترین طبی ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں بلکہ انہیں جدید ترین انداز میں تربیت دینے کیلئے غیر مُلکی ٹرینرز بھی متعین کئے گئے ہیں اس سلسلے میں اسلام آباد کے ہوٹل میں دو روزہ ہینڈز ان ورکشاپ ہوئی جس میں پیراپلیجک سنٹر پشاور، ایم پی آر سی مظفر آباد اور چل فاؤنڈیشن کوئٹہ کے فزیوتھراپسٹس کے علاوہ پشاور کے مشہور پیڈیاٹرک آرتھوپیڈک سرجنز بھی شریک ہوئے تاکہ بعد ازاں وہ صوبے کے ان ہزاروں بچوں کے بہترین علاج کے قابل بن سکیں اور وہ مستقل بحال ہو کر معاشرے کے کارامد شہری بنیں واضح رہے کہ پاکستان بھر میں ہر سال اوسطاً 7458 بچے ٹیڑھے پاؤں کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں جو بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں مستقل معذوری کا شکار ہو سکتے ہیں خوش قسمتی سے کلب فٹ کا مکمل علاج ممکن ہے لیکن کافی صبرآزما اور مہنگا ہونے کی وجہ سے بہت سارے غریب بچے علاج سے محروم رہ جاتے ہیں کلب فٹ ہوم، پیراپلیجک سنٹر پشاور اور میراکل فٹ یوایس نے اس مسئلے کا حل بھی نکالا ہے پروگرام کے تحت مفت اور مکمل علاج کے ساتھ ساتھ غریب والدین کو آمدورفت کا سفری خرچہ بھی دیا جاتا ہے تاکہ کوئی بچہ والدین کی غُربت کی وجہ سے مستقل معذوری کا شکار نہ رہنے پائے ۔واضح رہے کہ مذکورہ ورکشاپ کیلئے تمام انتظامات پشاور میں کئے گئے تھے لیکن حالیہ پولیس لائنز مسجد بم دھماکے اور امن و امان کی خراب صورت حال کی وجہ سے اسے اسلام آباد منتقل کرنا پڑا تھا۔
پشاور سے مزید