پشاور( کرائم رپورٹر) ٹریفک پولیس پشاور نے رضا کار فورس کی مدد سے شاہراروں اور بازاروں میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کرانے کے لئے لائحہ عمل مرتب کر لیا ہے چیف ٹریفک آفیسر شہزادہ عمر عباس بابر کی سربراہی میں ٹریفک ہیڈ کوارٹرز گلبہار میں رضا کار فورس کے ممبران کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں آئندہ سہ ماہی کیلئے لائحہ عمل ترتیب دے دیا گیا ۔ اجلاس میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے رضا کار فورس کے مختلف سیکٹروں کے انچارج شامل ہوئے جن کو چیف ٹریفک آفیسر شہزادہ عمر عباس بابر نے آئندہ تین ماہ کیلئے پلان سے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ وہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے افسران اور اہلکاروں کے ہمراہ بازاروں ʼ سڑکوں پر اور اڈوں میں جا کر تاجروں اور ڈرائیورز حضرات کو تجاوزات خاتمے اور ٹریفک قوانین جس میں سیٹ بیلٹ ʼ ہیلمٹ ʼ لین لائن ڈسپلن ʼ زیبرا کراسنگ ʼ ون ویلنگ اور دیگر ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دینگے اور باقاعدہ ان میں ٹریفک قوانین پر مشتمل پمفلٹس بھی تقسیم کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دی جا سکے ۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر شہزادہ عمر عباس بابر نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دینے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ٹریفک رضا کار فورس کے ذریعے آگاہی دینے کا مقصد زیادہ سے زیادہ شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہ کرنا ہے۔