مقبوضہ بیت المقدس ، کراچی (اے ایف پی،نیو نیوز ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے خلیج فارس میں اپنے تیل بردار جہاز پر حملے کا الزام ایران پر عائد کردیا ہے، اس حملے میں جہاز کو معمولی نقصان پہنچا تھا ۔ اپنی کابینہ کے اجلاس کے آغاز میں نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ ہم ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل کرنے یا شمالی سرحدوں پر اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ، ایران کے جارحانہ اقدامات کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور ہم بھی اسے روکنے کیلئے اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے دشمنوں کے خلاف دو محاذوں پر لڑ رہے ہیں، بحیثیت ایک قوم ایران ہمارے اتحاد کو تباہ کرنے اور ہماری قومی روح پر حملہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے ایران نے پھر ہمارے جہاز کو نشانہ بنایا جو کہ بحری نقل وحمل کے عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے ۔