لاہور(اے پی پی)وزیر اعظم شہباز شریف نےپاکستان کی انسانی ہمدردی اور فلاحی تنظیموں کو ترکیہ میں امدادی سرگرمیوں پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہےکہ پاکستانی انسانی ہمدردی کی تنظیمیں ترکیہ اور شام میں اپنے مسلمان بہن بھائیوں کی مدد میں پیش پیش ہیں، پاکستان کے خیراتی اداروں نے ترکیہ اور شام میں امدادی سرگرمیوں سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کیلئے پاکستان کی طرف سے جاری امدادی سرگرمیوں پر اعلی سطح کا اجلاس اتوار کو منعقد ہوا۔ وزیر اعظم کی این ڈی ایم اے کو امدادی سامان کی سپلائی چین مستحکم کرنے اور کارروائیوں کا جامع لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں پاکستان میں انسانی ہمدردی کی تنظیموں ایدھی، سیلانی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو این ڈی ایم اے کی طرف سے ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کیلئے امدادی سرگرمیوں اور امدادی سامان کی ترسیل کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے اجلاس کو بتایا کہ گزشتہ اجلاس میں وزیرِ اعظم کی ہدایات کے پیشِ نظر خیمہ ساز صنعتکاروں سے مشاورت کرکے فی خیمہ قیمت اور خیموں کی تیاری کیلئے درکار وقت کا تعین کر لیا گیا ہے۔ آئندہ ماہ کے اختتام تک حکومتِ پاکستان سردی سے بچاؤ کے ایک لاکھ خیمے تیار کرکے ترکیہ روانہ کریگی۔ یہ خیمے ترکیہ کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی منیجمنٹ پریذیڈنسی اے ایف اے ڈی سے موسمی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کئے جا رہے ہیں۔ اجلاس کو انسانی ہمدردی کے اداروں کے سربراہان فیصل ایدھی، سیلانی ٹرسٹ کے بانی مولانا بشیر فاروقی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے نائب صدر عبدالشکور نے ان اداروں کی طرف سے ترکیہ اور شام میں امدادی کاروائیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔