راولپنڈی (محمد صالح ظافر/ خصوصی تجزیہ نگار) حکمران پاکستان مسلم لیگ نون کے نوجوانوں کا تنظیمی کنونشن، نواز شریف اور کلثوم نواز کی تصاویر چسپاں، مریم نے نعرے لگوائے، قیادت باہم شیر و شکر تھی، کنونشن کی پوری تقریب شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت جاری رہی۔ شرکاء نے مریم نواز شریف کے جماعت کے اکابرین کی قدر و منزلت کےاس روپ کو بے حد پسند کیا اس کنونشن میں مسلم لیگ نون کی علاقے سے تعلق رکھنے و الی پوری قیادت موجود تھی اور باہم شیر و شکر تھی جس سے وہ قیاس آرائی دم توڑ گئی کہ نون لیگ کی قیادت میں اختلافات پائے جاتے ہیں مسلم لیگ نون کے صدر وزیراعظم شہباز شریف کا اظہار خیال کرنے والوں نے گاہے گاہے ذکرکیا خود مریم نواز نے بھی ان کے نعرے لگوائے تاہم جماعت کے قائد سابق وزیراعظم نواز شریف کی قیادت اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے میں سبھی مقررین ایک دوسرے سے سبقت لے جانے میں کوشاں رہے۔ اجتماع میں بعض نوجوانوں نے دل آویز بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن میں وہ توجہ کا زیادہ مرکز بنے رہے جن پر نواز شریف اور ان کی مرحومہ شریک حیات کلثوم نواز کی تصاویر چسپاں تھیں۔ کنونشن میں سابق وفاقی وزیر پرویز رشید، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، طلال چوہدری، حنیف عباسی، دانال چوہدری اور سینیٹر تنویراحمد خان نمایاں تھے مریم نواز شریف کی تقریر میں تحریک انصاف سے زیادہ عمران خان کو ہدف بنایا گیا انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے اس گند کواٹھا کر کندھے سے دور پھینک دیا ہے اب یہ عدلیہ کے سہارے مسلط ہونے کے لئے ہاتھ پاؤں ماررہا ہے یہی نہیں وہ اپنے اس رویئے کیو جہ سے عدلیہ کی تضحیک کا باعث بھی بن رہا ہے ان کا کہنا تھا کہ وہ عدلیہ جو نواز شریف کے خلاف فولادی بن کر ظلم کررہی تھی اب ’’اس کے ‘‘ لئے موم کیوں بن گئی ہے۔ عمران کی اہلیہ بشری کے بارے میں مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ بھاری رقوم وصول کرکے خاتون خانہ کی جگہ خاتون کھانا بن گئی تھیں اور مال و زر کھانے پر لگی تھی۔