• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول بھٹو نے عالمی برادری کے سامنے مسئلہ کشمیر اجاگر اور بھارت کو بے نقاب کیا، مقررین

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) نوجوان پارٹی قائد و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے احسن طریقہ سے سفارتی محاذ پر مسئلہ کشمیر کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کیا اور بھارت کو بے نقاب کیا۔ جرمنی جیسا مضبوط اور بڑا ملک بھی کشمیر کے مسئلہ پر پاکستان کا حامی نظر آیا۔ان خیالات کا اظہار ممبر کشمیر کونسل خواجہ طارق سید نے برمنگھم میں اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام چوہدری ابرار نے کیا۔استقبالیہ میں معروف کاروباری و سیاسی شخصیت خواجہ افتخار، میر مصطفی، نومنتخب ممبر ڈسٹرکٹ کونسل، چوہدری اعجاز اقبال ایڈووکیٹ، سردار آصف، چوہدری نثار، راجہ واصف اور دیگر شریک تھے۔ خواجہ طارق سعید نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی۔ حالیہ5فروری اور مقبول بٹ سمیت دیگر شہدا کی یاد میں دنیا بھر میں پروگرامز ہوئے یہ تمام سرگرمیاں جہاں ایک جانب شہدا کو یاد کرنے کیلئے تھیں وہیں عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو بھی تقویت ملی ہے۔ آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات میں بلاول بھٹو کی قیادت میں پارٹی نے اہم کامیابی حاصل کی۔ آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی مکمل فتح حاصل کرکے حکومت تشکیل دے گی۔میر مصطفی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں عوام نے مجھے منتخب کیا، یہ عوام نے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے کیلئے پہلا قدم اٹھایا ہے۔چوہدری اعجاز اقبال ایڈووکیٹ نے کہا کہ بلدیاتی ادارے کسی بھی ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جمہوریت کے تسلسل کیلئے یہ انتخابات انتہائی ناگزیر تھے، شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کے ساتھ کام کرنے والے خواجہ ذوالفقار کے بھائی خواجہ افتخار کا کہنا تھا۔ پیپلز پارٹي صحیح معنوں میں عوامی ترجمانی کرتی ہے۔ آخرمیں چوہدری ابرار نے استقبالیہ میں شریک مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

یورپ سے سے مزید