پشاور (جنگ نیوز) کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن نثار احمد خان نے چارج سنبھالنے کے موقع پر کہاہے کہ اپنی ڈیوٹی احسن طریقہ سے سرانجام دیں گے اور چھوٹے بڑے مسائل پر یکساں توجہ دی جائے گی۔ ڈیرہ کی تعمیر و ترقی اور شہر میں ٹریفک کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ ہسپتال اور پیسکو ایسے ادارے ہیں جن سے عوام کا براہ راست واسطہ ہوتا ہے اور ہم نے ان اداروں کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپورکام کرنا ہے جن سے عوام کا براہ راست تعلق ہوتا ہے۔ڈیرہ کے تمام مسائل سول سوسائٹی کے ساتھ مل بیٹھ کر حل کریں گے اور عوامی شکایات کا فوری طورپر ازالہ کیا جائیگا۔ ماہ رمضان میں شہریوں کے لئے اشیائے خوردنی کی قیمتوں میں استحکام‘ محرم اور ربیع الاول جیسے مذہبی تہواروں پر عوام اور تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ ڈیرہ کے ساتھ ساتھ جنوبی وزیرستان کی ترقی اور وہاں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔