لاہور(ایجنسیاں)تحریک انصاف جیل بھرو تحریک کا آج ( بدھ) لاہور سے آغاز کرے گی جس کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں‘پی ٹی آئی لاہور نے جیل بھرو تحریک کے حوالے سے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی۔ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں سابق گورنرعمر سرفراز چیمہ، ولید اقبال، سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر مراد راس گرفتاری دیں گے جبکہ تحریک انصاف کے رہنماءفوادچوہدری کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی اوراسد عمر کا اصرار تھا کہ وہ آج پہلے روز ہی گرفتاری دیں گے لیکن قیادت نے فیصلہ کیا ہے طے شدہ طریق کار کے مطابق آگے بڑھا جائے گا‘عمران خان سمیت کون کب گرفتاری دے گا اس کا فیصلہ پارٹی کریگی‘جہاں ضمنی انتخابات ہوتے ہیں پی ڈی ایم والے فرار ہو جاتے ہیں ،انہیں اپنا نام فراری رکھ لینا چاہیے۔ ۔عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی اسٹریٹجک کمیٹی کے اجلاس کے بعدپریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اجلاس میں اہم فیصلہ کیا گیا ہے کہ ساری پارٹی جیل بھر و تحریک کیلئے تیار ہے ،سینئر قیادت بھی گرفتاریاں دینے کے لئے تیار ہے۔ آج لاہور سے تحریک کا آغاز ہونے جارہا ہے جہاں پر ان شا اللہ سیکڑوں کارکنان لاہور میں جیل جانے کیلئے خود کو پیش کریں گے ۔