لاہور(جنگ نیوز/ایجنسیاں)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیراعظم کے بچت اور کفایت شعاری سے متعلق اعلانات کو مستردکرتے ہوئے کہاہے کہ شہبازشریف قوم کو بے وقوف نہ بنائیں‘سرکاری زمینیں بیچنے اور سرکاری گاڑیاں کم کرنے سے کچھ نہیں ہوگا‘جو چوری کا پیسہ باہر رکھا ہوا ہے وہ واپس لے آئیں‘ الیکشن 90روزسے آگے گئے توعوام کو نکلنا پڑے گا‘ حکومت گرانے کے بعد ہمارے خلاف ہر قسم کا حربہ اختیار کیا گیا‘ہمارے بنیادی حقوق ختم کیے گئے، 25مئی کو ہم پر ظلم کیا گیا، نیب کیسز بنائے اور میرے اوپر 70 ایف آئی آرزکی گئیں لیکن یہ جو مرضی کر لیں، حکومت تو ہماری آنی ہے اور اس بار یہ نہیں بچیں گے۔ویڈیولنک کے ذریعے خطاب میں عمران خان کا کہناتھاکہ آج میرے دورِ حکومت سے تین گنا زیادہ مہنگائی ہے‘ وزیر اعظم کہہ رہے ہیں ابھی مزید مہنگائی ہوگی ۔