پشاور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر شہباز شریف حکومت ملک میں امن قائم نہیں کرسکتی تو استعفیٰ دے کر گھر چلی جائے، ملک میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں، صرف غریب کی گردن دبوچی جاتی ہے ، ظلم پر حکومت اور ادارے سب خاموش، ریاست تماشائی بنی ہے، وزراء بلٹ پروف گاڑیوں میں، حکمران بنکر میں بند ہیں، عوام مہنگائی اور بے روزگاری کی چکی میں پسنے کے ساتھ ساتھ بدامنی کا بھی شکار ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں حقوق قبائل کنونشن اور اسلامک لائیرز موومنٹ کے نومنتخب صدر جسٹس (ر) غلام محی الدین کی حلف برداری کی تقریبات سے خطاب کے دوران کیا۔ حقوق قبائل کنونشن میں باجوڑ، مہمند،شمالی و جنوبی وزیرستان سمیت علاقہ کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں نجی جیل کا مسئلہ صرف صوبہ تک محدود نہیں، سندھ، جنوبی پنجاب اور ملک کے دیگر اضلاع میں بھی ایسے عقوبت خانے قائم ہیں، حقیقت یہ ہے کہ ظالم جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں نے، جو کبھی ن لیگ، پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی تو کبھی پی ٹی آئی کی شکل میں عوام پر مسلط ہوجاتے ہیں، نے پورے ملک میں عوام پر عرصہ حیات تنگ کررکھا ہے۔