اسلام آباد( نمائندہ جنگ) الیکشن کمیشن نے صدرِ مملکت عارف علوی کی جانب سے انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کے معاملے پرسپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کا جمعرات کو ہونیوالا اجلاس از خود نوٹس کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا۔الیکشن کمیشن صدر کے انتخابات سے متعلق احکامات پر اب خود فیصلہ نہیں کریگا ۔الیکشن کمیشن صدارتی احکامات پر اپنا موقف سپریم کورٹ میں پیش کریگا۔ اٹارنی جنرل صدر مملکت کی پنجاب و خیبرپختونخوا میں الیکشن کی تاریخ دینے کی مخالفت کر چکے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے مشاورت طلب کیے جانے پر اٹارنی جنرل نے اپنے موقف سے آگاہ کیا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ آئین میں صدر مملکت کو صوبوں میں انتخابات کی تاریخ دینے کا کوئی اختیار نہیں ، یہ اختیار صرف گورنرز کو حاصل ہے۔