اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ ) وزیراعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی ہے کہ نوجوان کامیاب یوتھ لون پروگرام کے تحت قرضہ حاصل کرکے اپنے کاروبار کو فروغ دے کر ملکی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے، نوجوانوں کولیپ ٹاپ دےرہےہیں ،کلاشنکوف نہیں،مشکل معاشی صورتحال کے باوجود نوجوانوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، نوجوانوں کیلئے گزشتہ قرض سکیموں میں ریکوری کی شرح 99 فیصد رہی، ماضی میں اربوں روپے کے قرضے معاف کرائے گئے جس سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچا۔جمعرات کو یوتھ بزنس و ایگریکلچر لون سکیم کے تحت قرضہ حاصل کرنے والے کامیاب درخواست دہندگان میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت آج جو قرضے دیئے گئے ہیں وہ 2013ء کا تسلسل ہے جب اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے پورے پاکستان میں قوم کے نوجوانوں بیٹوں اور بیٹیوں کیلئے قرضوں کا پروگرام شروع کیا۔ اس پروگرام کے تحت ملک بھر میں اربوں روپے قرضے تقسیم کئے گئے، ملک کی معیشت اور نوجوانوں کو فائدہ ہوا، انہوں نے کہا کہ ماضی میں لوگ کہتے تھے کہ شہباز شریف نوجوانوں کو لیپ ٹاپ رشوت میں دے رہا ہے، یہ لیپ ٹاپ نوجوانوں کیلئے روزگار کا ذریعہ بن چکے ہیں۔