ہانگ کانگ (اے ایف پی) ہانگ کانگ میں چین کے اعلیٰ سفارتکار نے غیر مناسب بیان پر امریکی قونصل جنرل کو طلب کرکے احتجاج کیا ہے، انہوں نے امریکی سفارتکار کو متنبہ کیا کہ وہ چین کی قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے سے گریز کریں، یہ بات ہانگ کانگ میں چینی وزارت خارجہ امور کے کمشنر لیو گوانگ یوان نے جمعرات کے روز بتائی۔ ترجمان نے بتایا کہ امریکی قونصل جنرل گریگوری مے سے ملاقات میں امریکی سفارتکار اور ان کے قونصل خانے کے بیان سے عدم اتفاق کیا اور اسے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا۔ انہوں نے ملاقات کے وقت کے بارے میں نہیں بتایاکہ یہ کب ہوئی تھی۔ امریکی سفارتکار نے اپنی ایک پوسٹ میں چین میں قانون کی حکمرانی سمیت دیگر معاملات پر خدشات کا اظہار کیا تھا۔