اسلام آباد(صباح نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے سندھ کول اتھارٹی کرپشن کیس میں ڈی جی نیب کراچی کو طلب کر لیا،جسٹس اطہر نے ریمارس دیئے کہ نیب بھی قابل احتساب ہے ، فیئر ٹرائل ہر ملزم کا حق ہے،اگر کیس نہیں بنتا تو بھی انکوائری مکمل کریں ۔جمعرات کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سندھ کول اتھارٹی کرپشن کیس کی سماعت کی ، سماعت کے دوران نیب کی جانب سے تفصیلی رپورٹ جمع نہ کروانے پر سپریم کورٹ نے اظہار برہمی کیا۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ انتہائی سنجیدہ ہے، 19ارب کی کرپشن کا کیس ہے لیکن نیب انکوائری نہیں ہو رہی۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ نیب نے انکوائری کو تحقیقات میں تبدیل کردیا ہے۔