کراچی( اسٹاف رپورٹر ) گلستان جوہر میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے معلم اور فیڈریشن آف پرائیویٹ اسکولز پاکستان کے وائس چیئرمین جاں بحق ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر تھانے کی حدود بلاک 7 انوار القرآن کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 55 سالہ سید خالد رضا ولد سید وصی جاں بحق ہو گئے جنکی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔متوفی کو انکے گھر کی دہلیز پر نشانہ بنایا گیا،ملزمان نے انکے ماتھے پر گولی ماری اور فرار ہو گئے۔مقتول دار ارقم اسکولز کراچی ریجن کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور فیڈریشن آف پرائیویٹ اسکولز پاکستان کے وائس چیئرمین تھے،پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ انھیں دوران ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا گیا ہے،وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ کہیں جانے کے لئیے گھر سے نکل رہے تھے جب انھیں نشانہ بنایا گیا تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ان سے کوئی لوٹ مار نہیں کی گئی ہے اور انکی جیب میں پیسے اور موبائل فون موجود ہے،پولیس کا کہنا ہے کہ عمومی طور پر ڈاکو ماتھے پر گولی نہیں مارتے ہیں تاہم واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے،دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا ہے،مسلح افراد نے خالد رضا کو براہ راست سر پر گولی ماری اور فرار ہو گئے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے سید خالد رضا کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی،انہوں نے سید خالد رضا کے قتل پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔