• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی پاکستانی سفارتخانوں میں پریس آفیسرز تعیناتی گائیڈ لائنرکی منظوری

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) وزیراعظم پاکستان نے دنیا کے مختلف ممالک کے پاکستانی سفارتی مشنوں میں انفارمیشن گروپ افسروں کی تعیناتی کی نئی پالیسی گائیڈ لائنز کی منظوری دیدی ہے۔ سپیشل سلیکشن بورڈ کی چیئرپرسن وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ہونگی جبکہ اسکے تین ممبر سیکرٹری اطلاعات و نشریات‘ سیکرٹری/ایڈیشنل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ‘ سیکرٹری یا ایڈیشنل سیکرٹری‘ ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ‘ ممبر/سیکرٹری ٹو اسپیشل سلیکشن بورڈ ہونگے۔ابتدائی فہرست سیکرٹری اطلاعات کی سربراہی میں پروفیشنل اسیسمنٹ کمیٹی تیار کریگی انڈیا اور برطانیہ میں بنیادی سکیل 20کی دو منسٹر پوسٹیں خالی ہیں۔ ان پوسٹوں پر بھی عنقریب تعیناتی کر دی جائیگی۔وزارت اطلاعات و نشریات کے ایف نمبر ٹو (تھری) 2022ء ای پی (آئی ایس اے) میں ان گائیڈ لائنز کی جو تفصیل دی گئی ہے اسکے مطابق پاکستانی مشن میں جس گریڈ کی اسامی خالی ہو گی اسی گریڈ کا افسر وہاں تعینات ہو گا۔ تعیناتی ایسے افسر کی ہو گی جس کا مجموعی طور پر سروس کا ریکارڈ بہترین ہو گا جبکہ ایوریج اور ایڈورس پرفارمنس جس کی پانچ سالوں میں ہو گی وہ اس کا اہل نہیں ہو گا۔ جو آفیسر پروموشن زون میں آئندہ دو سال میں آئیں گے وہ زیرغور نہیں آئینگے۔ جو آفیسر فارن پوسٹنگ کر کے واپس آیا ہو اسے کم از کم تین سال کے بعد دوبارہ بھیجنے پر غور ہو سکے گا۔ بنیادی سکیل 18کے پریس اتاشی کی پوسٹ کیلئے وہ افسر غور آئیں گے جنہیں گریڈ اٹھارہ میں ریگولر سروس کے تین سال ہو چکے ہونگے۔ ہر افسر کو پورے کیریئر میں دو سے زیادہ فارن پوسٹیں نہیں ملیں گی۔ ترجیح ان افسروں کو دی جائیگی جنہیں وزارت اطلاعات و نشریات یا اس سے منسلکہ محکموں میں یا پبلک ریلیشنز کا تجربہ ہو گا۔ تمام اہل امیدواروں کو شفاف اور میرٹ پر انٹرویو کیلئے مدعو کیا جائیگا۔
اہم خبریں سے مزید