راولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) باخبر ذرائع کے مطابق راولپنڈی کا کوڑا کرکٹ ڈمپ کرنے کیلئے گوجر خان میں بننے والی نئی لینڈ فل سائٹ کا منصوبہ سیاسی دباؤ پر کھٹائی کا شکار ہو گیا ہے جس کے بعد لوسر میں موجودہ لینڈ فل سائٹ کو ہی قابل استعمال کیا جا رہا ہے۔ نئی لینڈ فل سائٹ کیلئے 5سال سے رقم اسسٹنٹ کمشنر گوجر خان جو لینڈ ایکوزیشن کلکٹر ہیں کے پاس پڑی ہے۔ اس طرح ڈمپنگ سائٹ سے انرجی پیدا کرنے کا منصوبہ بھی سرخ فیتے کا شکار ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق موجودہ لینڈ فل سائٹ لوسر 2007ء میں تقریباً پونے چھ سو کنال پر بنائی گئی تھی جو 80فیصد تک بھر چکی ہے۔ راولپنڈی میں چند برس قبل یومیہ کوڑا 7سے 8سو ٹن تھا جو اب 12سو ٹن تک ہو چکا ہے۔