• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عامر پراچہ اوور سیز انوسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر منتخب

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) اوور سیز انوسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(OICCI)کے سالانہ انتخابات برائے 2023میں عامر پراچہ صدر جبکہ ریحان محمد شیخ نائب صدر منتخب ہو گئے ہیں ،عامر پراچہ یونی لیور پاکستان کے چیئرمین اور ریحان محمد شیخ اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیں ۔ اس بات کا اعلان او آئی سی سی آئی کی 163ویں سالانہ جنرل میٹنگ میں کیا گیا۔اس موقع پر سال 2023کیلئے او آئی سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی کا بھی انتخاب کیا گیا جس میں ایبٹ لیبارٹریز کے سید انیس احمد، شیورون پاکستان لبریکنٹس کے احمد زاہد ظہیر،ڈاؤلینس(پرائیوٹ) لمیٹڈ کے عمر احسن خان، ڈوپونٹ پاکستان آپریشنز کے کامران عطا اللہ خان، جی ایس کے کی ارم شاکررحیم،ہٹاچی انرجی پاکستان کے نجیب احمد، انڈس موٹر کمپنی کے علی اصغر جمالی اور شیل پاکستان کے وقار ارشاد صدیقی شامل ہیں۔ ممبران کے نام پیغام میں نو منتخب صدر عامر پراچہ نے کہا کہ پاکستان کو درپیش متعدد چیلنجز سے ہم سب آگاہ ہیں۔ اب وقت اگیا ہے کہ تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے رہنما ملک کی بھلائی کیلئے ایک قوت کے طور پر متحد ہوجائیں اور پاکستان کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری وہ بنیادی گیٹ وے ہے جس سے پاکستان جیسی ترقی پذیرمعیشتیں جدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی حاصل کرکے انسانی سرمائے میں بہتری لاسکتی ہیں اورمستحکم اور شفاف پالیسی فریم ورک کے ساتھ ساتھ یہ عوامل پاکستان کو اعلیٰ ترقی کی رفتار حاصل کے قابل بنانے میں اہم ہیں۔دنیا کی متعدد معیشتوں میں ایسی بہت سی مثالیں ہیں جن کو پاکستان کی طرح چیلنجز کا سامنا رہا لیکن وہ بنیادی طور پر غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے ذریعے قابلِ ذکرمعاشی نمو حاصل کرکے مضبوط معیشتیں بنیں۔مضبوط پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے ٹیکنالوجی کی ترقی ناگزیر ہے۔ عامر پراچہ نے جولائی 1996میں رائل ڈچ شیل آئل کمپنی میں اپنے کیئریر کا آغاز کیا۔ انہوں نے 2000میں یونی لیور پاکستان جوائن میں شمولیت اختیارکی۔ پاکستان اور جی سی سی کلسٹر میں متعدد کیٹگریز کی قیادت کی۔ 2020میں چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر بننے سے قبل عامر پراچہ نے ہوم اینڈ پرسنل کیئر ڈویژن کے ساتھ ساتھ کسٹمر ڈیولپمنٹ کی بھی قیادت کی۔ عامر پراچہ نے انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی سے بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کیا اور وہ اینڈیور پاکستان، کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز(ایف پی سی سی آئی)میں بطور بورڈ ممبر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ملک بھر سے سے مزید