• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈی نوٹیفائی احکامات معطل، تلہ گنگ اور مری اضلاع بحال

راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے)لاہورہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس سلطان تنویر احمدنے تلہ گنگ اور مری اضلاع کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے احکامات معطل کرکے دونوں اضلاع کو بحال کردیا ہے۔تلہ گنگ کی ضلعی حیثیت ختم کرنے کے خلاف ملک فیصل اور ملک اعجاز نے ملک محمد کبیر اور ملک شوکت ایڈووکیٹ کے ذریعے عدالت عالیہ سے رجوع کیا ہوا تھا۔ مری کی ضلعی حیثیت ختم کرنے کیخلاف جبار ستی نے بیرسٹر حمزہ انور خان ایڈووکیٹ کے زریعے رٹ دائر کی تھی۔ سماعت کے دوران عدالتی استفسار پر بورڈ آف ریونیو پنجاب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ لینڈ ریونیو کے قوانین کے مطابق حکومت نئے اضلاع قائم کر سکتی ہے یا ان پر کوئی آرڈر جاری کر سکتی ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ حکومت سے آپ کی کیا مراد ہے قانون ایک مستقل منتخب حکومت اور نگران حکومت کی ذمہ داریوں اور اختیارات کا تعین کرتا ہے عدالت نے مری کی ضلعی حیثیت سے متعلق درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا مری اس وقت ضلعی حیثیت میں کام کر رہا ہے جس پر درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مری کی ضلعی حیثیت تاحال بحال نہیں ہو سکی جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جب ایسی ہی ایک پٹیشن میں عدالت پہلے ہی نگران حکومت کا نوٹیفکیشن معطل کر چکی ہے تو اس پر عملدرآمد کیوں نہیں کیا گیا عدالت نے قرار دیا کہ جب کسی حوالے سے عدالتی حکم جاری ہو جائے تو ہر چیز کی الگ الگ وضاحت کی ضرورت نہیں رہتی عدالت نے حکومتی وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ کے علم میں ہے کہ عدالت نے نگران حکومت کا نوٹیفکیشن معطل کیا تھا اور معطل کا مطلب ہوتا ہے معطل ہو گیا لہٰذا سرکار کو بھی یہ سمجھنا چاہئے۔
اسلام آباد سے مزید