• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روس اور چین یوکرینی جنگ بند کرانے کیلئے تیار نہیں، امریکہ

واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ روس اورچین یوکرین میں امن کے حصول کے بارے میں سنجیدہ نظر نہیں آتے ۔ اس سلسلے میں انہوں نے امن کی کوششوں کی حمایت کرنے والے بیانات میں ٹھوس اقدامات کی کمی کا حوالہ دیا۔ ازبکستان کے دورے کے موقع پر بات کرتے ہوئے، بلنکن نے کہاکہ اگرروس اپنی جارحیت کو ختم کرنے کے لیے بامعنی سفارت کاری میں حصہ لینے کے لیے حقیقی طورپرتیار ہو توامریکا بھی اس کوشش میں فوری طورپرحصہ لے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ روس کی جانب سے یوکرینی علاقوں پر قبضہ قبول کرنے کے مطالبات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اس راستے کواختیار کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتا۔ یوکرین کے لوگوں سے زیادہ فوری طور پرکوئی بھی امن کا متلاشی نہیں ہو سکتا۔ اگرصدر پیوٹن چاہیں تو یہ جنگ آج ختم ہو سکتی ہے۔ بلنکن نے کہا کہ چین کی طرف سے پیش کی گئی امن کی تجویز میں کچھ ایسے مثبت اور مشترک نکات شامل ہیں، جنہیں یوکرین کے صدرولودیمیر زیلنسکی کے امن منصوبے میں بھی پیش کیا گیا ہے۔ تاہم اگر چین تمام اقوام کی خود مختاری کو برقراررکھنے کے اپنے موقف کے بارے میں سنجیدہ ہوتا تو وہ گزشتہ سال روس کے حملے کے بعد ہی یوکرین کی مکمل خودمختاری کی حمایت کرتا اور اس کے لیے کام کرتا۔ حقیقت میں چین نے اس کے برعکس کیا ہے، جس میں جنگ کے بارے میں روسی پروپیگنڈے کو آگے بڑھاناشامل ہے۔
یورپ سے سے مزید