• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کی امیر قطر سے ملاقات، معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(نمائندہ جنگ ،مانیٹرنگ سیل) وزیراعظم شہبازشریف نےدوحہ پہنچنےپرامیرقطرشیخ تمیم بن حمد آل ثانی سےملاقات کی ہےجس میں دونوں رہنماؤں نےمعاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا،مشترکہ اعلامیہ کےمطابق دونوں رہنماؤں نےد وطرفہ تعلقات کےفروغ، پاکستان سےہنرمندافرادکی قطرآمدکےطریقوں،ذرائع بڑھانےپرگفتگوکی،شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نےدورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی،شہبازشریف سےقطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے سی ای او کی بھی ملاقات، امیر قطرنےدونوں ممالک کےدرمیان معاشی تعاون بڑھانےمیں گہری دلچسپی کااظہارکیااور قطر کی ترقی میں پاکستانی محنت کشوں کی کاوشوں کو سراہا، اور خاص طور پر قطر کی میزبانی میں فیفا ورلڈ کپ 2022 کے کامیاب انعقاد کے موقع پر پاکستانی سیکیورٹی حکام کی شاندار کارکردگی کو سراہا،شہبازشریف نے پاکستان کی ترقی کے منصوبوں میں قطر کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع کو اجاگر کیا۔ قطر کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے، سرمایہ کاری، تجارت اور پاکستان سے ہنرمند افراد کی قطر برآمد کو بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔امیر قطر نے وزیراعظم شہباز شریف کو قطر آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی کے ایجنڈے میں قطر کی طرف سے بھرپور تعاون کے پختہ عزم اور حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے امیر قطر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔وزیراعظم شہباز شریف سے قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے سی ای او منصور بن ابراہیم المحمود نےبھی ملاقات کی،ملاقات میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق اورپاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیاگیا،وزیراعظم نے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا۔وزیراعظم شہباز شریف امیر قطر کی دعوت پر اقوام متحدہ کے زیراہتمام کم ترقی کرنے والے ممالک کی کانفرنس کے پانچویں اجلاس میں شرکت کے لیے قطر پہنچے ہیں،امیر قطر کانفرنس میں شریک سربراہان مملکت اور وزراء اعظم کے اعزاز میں استقبالیہ دیں گے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف بھی امیر قطر کے استقبالیہ میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف 6 مارچ کو کانفرنس کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔5 سے 9 مارچ 2023 تک منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں ترقی پذیر ممالک میں پائیدار ترقی کو تیز کرنے کے اقدامات پر غور کیا جائے گا، جس سے ان ممالک کو خوشحالی کی راہ پر آگے بڑھنے میں مدد ملے گی۔

اہم خبریں سے مزید