دوحہ (اے پی پی)وزیراعظم محمدشہباز شریف نے کہا ہے کہ کم ترقی یافتہ ممالک کے عوام کی ترقی کےلئے مل کر اقدامات کرنا ہوں گے،عالمی ادارے کم ترقی یافتہ ممالک کےلئے قرض کی شرائط کو آسان کریں، عوام کو سماجی تحفظ کی فراہمی اور جدید ٹیکنالوجی تک آسان رسائی یقینی بنائی جائے، پاکستان دوحہ پروگرام آف ایکشن کے نفاذ کی بھرپور حمایت کرتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کے زیر اہتمام کم ترقی یافتہ ممالک کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کانفرنس کے انعقاد کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے قطرکی طرف سے اس کانفرنس کے انعقاد کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اورقطر کے مابین دیرینہ خوشگوارتعلقات استوار ہیں۔ کم ترقی یافتہ ممالک کی پائیدارترقی کےلئے کانفرنس کا انعقاد بروقت ہے۔ ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات نے کم ترقی یافتہ ملکوں کو بہت زیادہ متاثر کیا ہے، ہمیں مل کر کم ترقی یافتہ ملکوں کے عوام کی ترقی کےلئے اقدامات کرنا ہوں گے،پوری دنیا میں لوگوں کی بڑی تعداد کو غربت اور غذائی قلت کا سامنا ہے۔