اسلام آ باد (نمائندہ جنگ)میر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت قائم رہی تو دوصوبوں کے الیکشن نتائج کو کوئی تسلیم نہیں کرے گا، مزید انتشار پھیلے گا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق قومی انتخابات پر 72ارب روپے خرچ آتا ہے، جزوی انتخابات سے قومی خزانہ پر بوجھ ناقابل برداشت ہو جائے گا، ملک ایک ہے تو الیکشن بھی ایک ہی روز ہونے چاہییں،جماعت اسلامی کا موقف ہے کہ جمہوریت کی مضبوطی، صاف اور شفاف انتخابات اور قانون کی بالادستی قائم کیے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ کرپٹ حکمران ٹرائیکا چاہتا ہے عدلیہ، الیکشن کمیشن اور نیب ان کا تابع رہے۔ 14مارچ کو ملک بھر سے نامزدامیدواران کو اسلام آباد میں اکٹھا کر رہے ہیں، اسی روز اپنے منشور کا اعلان کریں گے اور قوم کو متبادل قیادت دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جوہر ٹاؤن میں ویمن ایکسیلنس سنٹر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے مختلف جماعتوں سے اتحاد کے تجربات سے یہی کچھ سیکھا ہے ہم نے طے کیا ہے کہ الیکشن میں اپنے جھنڈے اور منشور کے ساتھ جائیں گے۔ویمن ایکسیلنس سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے حلقہ خواتین کو مبارک باد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ سینٹر کے افتتاح سے قرآن کریم اور دیگر علوم کو سمجھنے اور ان کی اشاعت میں مزید برکت آئے گی۔ انھوں نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ اس ملک میں خواتین کو اسلام کے اصولوں کے مطابق تمام حقوق دیے جائیں، خواتین کو جائداد میں حصہ ملنا چاہیے، خواتین کے لیے الگ یونیورسٹیوں کا قیام بے حد ضروری ہے، خواتین کے خلاف ہراسمنٹ کے واقعات کا قلع قمع ہونا چاہیے۔