بیجنگ ( نیوزڈیسک) چین نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ تائیوان ہماری سرخ لکیر ہے اورواشنگٹن کو چاہیے کہ اسے عبور نہ کرے۔ بیجنگ میں پارلیمان کے سالانہ اجلاس کے دوران وزیر خارجہ چن گینگ پریس کانفرنس میں کہا کہ تائیوان ان کے ملک کے لیے ایک سرخ لکیر ہے جس کی پاس داری دنیا کے لیے لازمی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تائیوان کے مسئلے کو حل کرنا صرف بیجنگ کا حق ہے اور کسی دوسرے ملک کو اس میں مداخلت کا اختیار نہیں ہے۔ چن گینگ نے کہا کہ چین کے پاس خود مختار جزیرے کو دوبارہ چین کے ساتھ ملانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے سے متعلق تمام آپشن موجود ہیں۔ واضح رہے کہ یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب چین اور امریکا کے درمیان تناؤ بڑھ گیا ہے۔ چند ماہ قبل امریکی سینئر سیاستدانوں نے تائیوان کے دورے کرکے بیجنگ کو مشتعل کردیا تھا۔ اگست 2022ء میں چینی فوج نے امریکی ایوان نمائندگان کی سابقہ اسپیکر نینسی پلوسی کے تائیوان کے دورے کے جواب میں بڑے پیمانے پر مشقیں کی تھیں۔