اسلام آباد(اے پی پی)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے نیب آرڈیننس کے سیکشن 25 اے سے متعلق لئے گئے از خود نوٹس کیس کی سماعت کے موقع پر اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ قانون میں جو سقم تھا اس کو حالیہ ترامیم میں دور کر دیا گیا ہے۔سپریم کورٹ نے نیب آرڈیننس کے سیکشن 25 اے سے متعلق ازخود نوٹس کیس نمٹادیا، عدالت عظمی میں بدھ کو یہاں از خود نوٹس کیس کی سماعت چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی جانب سے عدالت عظمی کو بتایا گیا کہ از خود نوٹس کا مقصد پورا ہو چکا ہے۔ سپریم کورٹ نے رقم کی رضاکارانہ واپسی کے بعد اہلکاروں (عہدیداروں) کی دوبارہ بحالی پر از خود نوٹس لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پلی بارگین کے تحت جو سزا تھی وہی اب رضاکارانہ واپسی میں بھی ہے۔