لاہور(نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز )مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز نے الزام عائد کیا کہ سابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی بطور چیف جسٹس توسیع کیلئے نواز شریف سے جیل میں رابطہ کیا گیا لیکن سابق وزیراعظم نے مسترد کردیا۔انہوں نے کہا جب سے بے ساکھیاں گئیں عمران کی عقل ٹھکانے نہیں آرہی، عمران کے بیٹے لندن بیٹھے ہیں ، قوم کے بچے ڈنڈے کھا رہے ہیں،پہلے سائفر کی آڑ میں پارلیمنٹ سے استعفے دیئے ، اب واپسی کیلئے بھیک مانگی جا رہی ہے،احتساب ہوگا تو انتخاب ہوگا،ملکی ترقی کا فارمولہ صرف ن لیگ کے پاس ، انصاف کا معیار سب کیلئے برابر ہونا چاہئے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے مزید کہا کہ ماضی میں سابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ پر نواز شریف کیخلاف سازش کا حصہ بننے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ’قرآن پر ہاتھ رکھ کر بتائیں کیا بطور چیف جسٹس آپکی توسیع کی بات نہیں ہو رہی تھی؟انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف مان گئے ہوتے اور ان کو بطور چیف جسٹس توسیع مل جاتی تو آج عمر عطا بندیال صاحب چیف جسٹس نہ ہوتے۔گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا نوجوان ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، پاکستان کا مستقبل اب نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے، مسلم لیگ (ن) نوجوان نسل کو آئی ٹی کے شعبہ میں آگے لانا چاہتی ہے، عمران خان ایسا ڈرپوک ہے جس نے اپنے کارکنوں کو اپنے لئے ڈھال بنایا،اس موقع پروفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب،معاون خصوصی وزیراعظم برائے امور نوجوانان شیزا فاطمہ، ارکان پارلیمنٹیرینز و دیگر بھی موجود تھے۔ مریم نواز نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جن کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے مسلم لیگ (ن) دن رات کوشاں ہے، نوجوان پاکستان کا حال اور مستقبل ہیں جنہیں اپنی توانائیاں پاکستان کی ترقی کیلئے صرف کرنا ہوں گی،ملکی آبادی کا زیادہ حصہ یوتھ پر مشتمل ہے تاہم کچھ لوگ انہیں سیاسی ایندھن کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔