اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی، ثقافتی اور سیاسی تعلقات مزید بہتر ہورہے ہیں اور خوش قسمتی سے دونوں برادر اسلامی ممالک کے تعلقات کو پاکستان کی ہر حکومت بڑی اہمیت دیتی رہی ہے۔ اِن خیالات کا اظہار پاکستان میں ایرانی سفیر، سید محمد علی حسینی نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور ایران کی دانشگاہ آزاد اسلامی کے مابین سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں مشترکہ تعاون کے حوالے سے مفاہمت کی یاداشت پر دستخطوں کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایرانی سفیر نے مزید بتایا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور دانشگاہ آزاد اسلامی دونوں جامعات کی صلاحیتیں اور انفراسٹرکچر بہت مضبوط ہیں جو باہمی تعاون کو احسن طریقے سے آگے بڑھا سکتے ہیں۔