حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) چاول اور چینی کی قیمت میں رمضان المبارک سے قبل ہی اضافہ ہوگیا‘ چاول فی کلو 100روپے جبکہ چینی کی فی بوری پر 500روپے کا اضافہ ہوگیا‘ پکوان سینٹر مالکان نے بھی چاول اور چینی سے بننے والے پکوان کی قیمت میں اضافہ کردیا۔ رمضان المبار ک سے قبل ہی مختلف اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا۔ چاول فی کلو کی قیمت میں گزشتہ 3ماہ کے دوران100 روپے تک اضافہ ہوگیا‘ نومبر میں سیلا چاول جو کہ بریانی اور پلاؤ کے لئے نمبر ایک چاول ہے جسے پکوان سینٹر پر خاص طورپر استعمال کیاجاتا ہے جس کی قیمت 250روپے کلو تھی جو کہ مسلسل اضافہ کے بعد اب ہول سیل مارکیٹ میں فی کلو چاول 250سے بڑھ کر 350روپے ہوگئی جبکہ چکن کی قیمت میں اضافے کے علاوہ مختلف مصالحہ جات کی قیمت میں 100روپے سے 600روپے تک فی کلو میں اضافہ ہوگیا ہے‘مختلف اشیاءکی قیمتوں میں اضافے کے بعد پکوان سینٹر مالکان نے3سے4ہزار روپے اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ چینی کی فی کلو قیمت میں 10 روپے اضافہ ہوگیا ۔‘ چینی کی 50کلو بوری کی قیمت میں 500روپے تک اضافہ ہوگیا ہے۔