کراچی( سید محمد عسکری) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن لاڑکانہ نے ملازمین کی یونین ایپکا پر پابندی عائد کردی ہے۔ اور 7 ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مجھے حاصل اختیارات اور سندھ انڈسٹریل ریلیشن ایکٹ 2013 کی متعلقہ دفعات کے تحت ایپکا نامی یونین کی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے اپنے خط کے ذریعے واضح طور پر ہدایت کی کہ بورڈز میں ایپکا کی سرگرمیاں نہیں چلائی جا سکتیں۔ اگر بورڈ کا کوئی بھی ملازم بورڈ میں ایپکا کی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو اسے بورڈ کی کارکردگی اور نظم و ضبط کے قواعد کے مطابق معطل کیا جائے گا۔ چئیرمین نے بورڈ کے 7 ملازمین کو شوکاز نوٹس بھی جاری کردئیے ہیں جن ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں ان میں واحد بخش کھوسو، اقبال احمد جاگیرانی، فیض محمد ملاح ، حاجی خان لولائی، کریم داد کلہوڑو، عبدالمجید گبول اور نصیر میرانی شامل ہیں شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ان ملازمین نے اپنے مسلح ساتھیوں کی مدد سے بورڈ کے داخلی دروازے پر قبضہ کرلیا اور چئیرمین بورڈ کو اندر آنے سے روکا اور احکامات پر عمل کرنے والے ملازمین کو مارا پیٹا۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بورڈ ملازم ہونے کے ناطے اپنے معلوم ذرائع آمدن سے ہٹ کر زندگی گزارنے کا انداز اختیار کیا ہواہے۔ اور آپ بدعنوان ہونے کی مستقل شہرت رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ بورڈ کے لئے نقصان دہ سرگرمیوں میں مصروف ہیں، غریب عملے کے ارکان میں خوف اور افراتفری پیدا کر رہے ہیں، اور امتحانی کاموں کے تقدس کو پامال کر رہے ہیں۔